نتیش حکومت مسلمانوں کی ہمہ گیرترقی کیلئے پابند عہد : عبد الغفور

پٹنہ، 19جولائی (طارق حسن) حکومت بہارمسلمانوں کی تعلیم، ہنر کی ترقی اور مسلمانوں کے لئے مخصوص اسکیم پر بہت سنجیدگی سے توجہ دے رہی ہے ۔ یہ یقین دہانی کانگریس کے سینئر لیڈر اور العائشہ فاؤنڈیشن کے چیرمین مسٹر ساجد ملک کواقلیتی امور کے وزیر پروفیسر عبدالغفور نے ایک میٹنگ کے دوران کرائی۔مسٹر عبدالغفور نے کہا کہ نتیش کمار حکومت مسلمانوں کی ہمہ گیر ترقی کے لئے عہد کا پابند ہے اور اس سمت میں بہتر کام کررہی ہے اور اسکیموں کو لاگو کرنے کے لئے افسران کو ہدایت دی گئی ہے اور اس کی نگرانی بھی کی جاتی ہے لیکن اس کے باوجود ا گر کہیں کوئی کمی رہتی ہے یا اسکیموں پر عمل درآمد نہیں ہوتا تو وہاں کے لوگ توجہ دلائیں اس پر کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے اس سلسلے میں مسلمانوں میں بیداری پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی اسکیم حاصل کرنے کے لئے مسلمانوں کو خود آگے آنا ہوگا۔ وقتاَ فوقتاً حکومت کی توجہ دلانی ہوگی تاکہ حکومت جہاں لا پروا افسران کے خلاف کارروائی ہوگی وہیں سرکاری اسکیم پر عمل درآمد پرخصوصی نگرانی رکھی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ مسلمانوں میں تعلیم کی کمی کی وجہ سے وہ بہت سے سرکاری اسکیموں سے ناواقف ہیں۔ یہ مسلم رضاکار تنظیموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ انہیں اس ضمن میں آگاہ کریں اور اسکیموں سے استفادہ حاصل کرنے کا طریقہ بتائیں۔مسٹر ساجد ملک نے سرکاری اسکیموں اور خاص طور پر اقلیتی امور کی وزارت سے جاری ہونے والی اسکیم کے تعلق سے توجہ دلائی تھی اور ‘کہا تھا کہ بہت سی جگہوں پر سرکاری اسکیم کا نام و نشان نہیں ہے ۔ حکومت کے اردو اسکوں کھولے عرصہ ہوگیا ہے لیکن وہاں اردو اساتذہ نہ ہونے کی وجہ سے پڑھائی متاثر ہورہی ہے ۔ مسٹر ملک نے وزیر موصوف یہ بھی کہا کہ بہار میں اقلیتی اردو اسکول تو ہیں لیکن وہ بنیادی سہولت سے محروم ہیں ایسی صورت میں بہتر تعلیم کیسے ممکن ہے ۔مسٹر ملک نے سرکاری اردو اسکول کی خستہ حالی کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ گیا ہے ڈیہہ اسکول میں کوئی اردواستاذ نہیں ہے اور اس سلسلے میں کئی بار حکومت کی توجہ اس کی جانب سے مبذول کرائی جاچکی ہے لیکن اب تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔مسٹر ملک نے وزیر موصوف کی توجہ اقلیتی امور کی وزارت میں اسکیل ڈیولپمنٹ کی دلائی اور کہا کہ جب مسلم بچوں کی اسکیل ڈیولپ نہیں ہوگی انہیں سرکاری نوکری نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ اب بعض سرکاری نوکری کے لئے کمپیوٹر کی تعلیم لازمی کردی گئی ہے وہ نائلیٹ سے منظور ہونا لازمی ہے ۔ ایسے میں اگر بڑی تعداد میں ملازمتیں نکلتی ہیں تواس کا فائدہ مسلم بچے نہیں اٹھاسکیں گے ۔مسٹر عبدالغفور نے ان تمام امور پر افسران کے ساتھ میٹنگ کرکے کارروائی کرنے کا یقین دلایا۔ واضح رہے کہ بہار حکومت نے تھانہ سطح سے لیکر اعلی سطح اردو جاننے والوں کی تقرری کا اعلان کیا ہے جس کی وجہ سے ہزاروں لوگوں کو نوکری ملنے کا امکان ہے اور نوکری اسی کو ملے گی جس کے پاس نائلیٹ کی سرٹی فیکٹ ہوگی۔