پولس کے ساتھ مڈبھیڑ میں ایک نکسلی ہلاک

گیا؍اورنگ آباد،9اکتوبر(تاثیر بیورو) بہار کے انتہا پسندی سے متاثر اورنگ آباد ضلع کے مدن پور تھانہ کے ساگرپور جنگل کے علاقے میں آج ممنوعہ نکسلی تنظیم کمیونسٹ پارٹی اآف انڈیا (ماؤنواز) کے انتہا پسندوں اور پولیس کے درمیان تصادم میں ایک ماؤنواز ہلاک ہو گیا۔پولیس سپرنٹنڈنٹ ستیا پرکاش نے یہاں بتایا کہ ماؤنوازوں کے خلاف چلائی جا رہی خاص تلاشی مہم کے دوران ساگرپور علاقے میں آج صبح پولیس اور ماؤنواز باغیوں کے درمیان تصادم ہو گیا۔ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری مڈبھیڑ کے بعد ماؤنواز گھنے جنگل میں فرار ہو گئے ۔مسٹر ستیا پرکاش نے بتایا کہ اس تصادم میں ایک ماؤنواز مارا گیا ہے جس کی لاش پولیس نے برآمد کر لی ہے ۔ موقع سے ایک تھری نٹ تھری کی رائفل برآمد کی گئی ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ جائے وقوع کے پاس خون بکھرا پڑا ہے اس وجہ سے یہ مانا جارہا ہے کہ کچھ اور نکسلی یا تو مارے گئے ہیں یا زخمی ہوئے ہیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق ضلع پولس ٹیم ، ایس ٹی ایف اور سی آر پی ایف کا ایک مشترکہ دستہ باضابطہ کامبنگ آپریشن کیلئے چکرکندا علاقے میں گیا تھا ۔ وہاں ساگر پور جنگل میں نکسلیوں کے چھپنے کی جگہ کی جانکاری ملنے پر سیکوریٹی فورس جیسے ہی ادھر بڑھا نکسلیوں نے فائرنگ شروع کردی اس کے بعد سیکوریٹی فورسیز نے بھی مورچہ سنبھال لیا ۔دونوں جانب سے زبردست فائرنگ ہوتی رہی۔ مانا جارہا ہے کہ نکسلی اپنے زخمی ساتھیوں کو اپنے ساتھ لیتے گئے ہیں ۔ قابل ذکر ہے کہ گیا اور اورنگ آباد ضلع کی سرحد پر واقع ساگر پور جنگل میں پہلے بھی نکسلیوں اور پولس کے درمیان مڈبھیڑ ہوچکی ہے۔ ضلع کے اے ایس پی مہم راجیش بھارتی نے مڈبھیڑ ختم ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ آپریشن کامیاب رہا۔ تاہم ماؤنوازوں کے خلاف تلاشی مہم اب بھی جاری ہے ۔