سرکاری اسکولوں کے بچوں کو بھی کوچنگ دلائی جائے گی: رگھوور داس

رانچی 11 مئی (معیز الدین خان): جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ رگھوور داس نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت سرکاری اسکولوں کے نویں اور دسویں کلاس کے بچوں کو کوچنگ مہیا کرائے گی تاکہ سرکاری اسکولوں کے بچے بھی پرائیویٹ اسکولوں کے بچوں کی طرح مقابلہ جاتی امتحانات میں کامیابی حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کا جو بلاک سب سے زیادہ پسماندہ ہے پہلے اسی کو نشانہ بناکر کام کیا جائے گا۔ آدی واسی خاندان پر خاص دھیان دینے کی ضرورت ہے اس لئے حکومت دیہی علاقوں کے لوگوں کی آمدنی بڑھانے کی بھی پوری کوشش کررہی ہے۔ انہیں بااختیار بناکر غریبی کی سطح سے اوپر اٹھانے کی بھی کارروائی کی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ آج پروجیکٹ بھون کے کانفرنس ہال میں مختلف محکموں کے ذریعہ این جی او کے ساتھ کئے جارہے ایم او یو پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب تک گاؤں میں تعلیم کی روشنی نہیں پہنچے گی گاؤں کی خاطر خواہ ترقی نہیں ہوسکتی۔ گاؤں میں غریبی ہے اس لئے بچوں کو تعلیم نہیں مل پاتی ہے۔ اس شعبے میں کام کرنے سے دل کو سکون حاصل ہوتا ہے۔