ہم واضح اکثریت کے ساتھ حکومت بنائیں گے:ممتا

طوفان گنج،02مئی (ایجنسی): ترنمول کانگریس سپریمو ممتا بنرجی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی پارٹی پہلے ہی واضح اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوچکی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ الزام بھی لگایا ہے کہ مرکز کے ذریعہ ریاست میں تعینات کئے گئے فورسز کی رائے دہندگان کے ساتھ کی گئی بدتمیزی کے باوجود لوگوں نے انہیں ووٹ دیا ہے اور اس طرح 5 مرحلوں کے انتخابات مکمل ہونے کے بعد اس پوزیشن میں ہیں کہ وہ آسانی کے ساتھ اگلی حکومت بناسکے۔کوچ بیہر ضلع میں انتخابی مہم کے دوران آج ممتا بنرجی نے کہا کہ ہمیں کوچ بیہر ضلع کے سبھی 9 اسمبلی حلقوں کو جیتنا ہے اور عوام ہمارے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل پارلیمنٹری فورسز ایسے لوگوں کے ساتھ بھی بدسلوکی کررہے ہیں جو معذور ہیں۔ یہ کسی بھی قیمت پر قابل قبول نہیں ہے۔