گجرات میں دلت نوجوان کی سرعام پٹائی مذموم حرکت: چودھری

پٹنہ، 21 جولائی (طارق حسن)۔ بہار پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اور ریاست کے وزیر تعلیم و انفارمیشن ٹکنالوجی ڈاکٹر اشوک چودھری نے گجرات کے اونا میں دلت نوجوانوں کی سرعام پٹائی کی سخت مذمت کی ہے۔ ڈاکٹرچودھری نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ شروع سے دلت مخالف ذہنیت میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہار اسمبلی انتخابات سے قبل آر ایس ایس کے مسٹر موہن بھاگوت نے آئین کے ذریعہ فراہم کردہ دلتوں کے ریزرویشن کے جائزے کی بات کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت ریاستی حکومتوں میں بھی دلت ہراساں کے کئی واقعات ہوئے ہیں اور ان واقعات پر کوئی موثر کارروائی نہیں ہوئی۔دوسری طرف ڈاکٹر چودھری نے بہوجن سماج پارٹی کی چیئرپرسن بہن مایاوتی پر اتر پردیش بی جے پی کے سینئر لیڈر دیاشنکر سنگھ کے ذریعہ کئے گئے نازیبا تبصرہ کی بھی سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظریہ کو لے کر بہن مایاوتی سے اختلافات ہو سکتے ہیں، لیکن یہ حقیقت ہے کہ بہن مایاوتی ملک کی بڑی دلت لیڈر ہیں اور اترپردیش کی وزیر اعلیٰ رہ چکی ہیں۔ بی جے پی لیڈر کے ذریعہ ان کے تئیں ذاتی نازیبا تبصرہ کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہی ہو گی۔ ڈاکٹر چودھری نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے لیڈر ہمیشہ سے دلت مخالف ذہنیت میں مبتلا رہے ہیں۔