انٹر گھوٹالہ:بہار کے مزید 36 کالجوں کی منظوری معطل

پٹنہ 06 ستمبر (اسٹاف رپورٹر): انٹر گھوٹالہ کے معاملے میں 32 ملزمین کے خلاف چارج شیٹ داخل کئے جانے کے ایک دن بعد بہار اسکول اکزامنیشن بورڈ نے مزید 36کالجوں کی منظوری معطل کردیا۔ جانچ کے دوران پایا گیا تھا کہ ان کالجوں کو منظوری دینے میں ضابطوں کو نظر انداز کیا گیا تھا۔ اس طرح اب تک 88 کالجوں کی منظوری معطل ہوچکی ہے۔ بورڈ کے ذرائع نے بتایا کہ بہار اسکول اکزامنیشن بورڈ کے چیئرمین آنند کشور نے اس سلسلے کے فرمان پر دستخط کردیئے ہیں۔ یہ داغ دار کالجوں کی دوسری فہرست ہے جسے لے کر بورڈ کے چیئرمین نے کڑی کارروائی کی ہے۔ اس سے قبل 27 اگست کو بھی 52 کالجوں کی منظوری رد کی گئی تھی۔ موصولہ اطلاع کے مطابق اب تک جن کالجوں کی منظوری معطل کی گئی ہے انہیں سابق چیئرمین لال کیشور پرساد کے زمانہ میں منظوری ملی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ کالجوں کو منظوری دینے میں ضابطوں کو نظر انداز کیا گیا۔ منظوری دینے میں پیسے کا بھی کھیل ہوا۔ اس سال ریزلٹ گھوٹالہ میں فرضی طریقے سے ٹاپر بنانے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد جب بورڈ نے جانچ شروع کی تو کئی چونکانے والے حقائق سامنے آئے ، کئی ایسے کالجوں کوبھی منظوری دی گئی تھی جن کا زمین پر کوئی وجود ہی نہیں تھا۔کئی جگہ ایسا بھی معاملہ سامنے آیا کہ ایک ہی ادارہ کے الگ الگ کمرے میں الگ الگ کالج چلائے جارہے تھے۔