اور 1000کے نوٹ بند 500

نئی دہلی، 08 نومبر (تاثیر بیورو): مرکزی حکومت نے آج نصف شب سے 500 روپے اور 1000 روپے کے نوٹوں کو غیرقانونی قرار دیا ہے ۔وزیر اعظم نریندر مودی نے قوم کے نام ایک خصوصی خطاب میں کہا کہ بدعنوانی اور کالے دھن پر لگام لگانے کے لئے فیصلہ کن جنگ ضروری ہے ۔اس کے تحت آج نصف شب سے 500 روپے اور 1000 روپے کے پرانے نوٹ عام لین دین کے لئے غیرقانونی کرنسی مانے جائیں گے ۔ لوگ پرانے نوٹوں کو 10 نومبر سے 30 دسمبر تک بینکوں اور ڈاک خانوں میں جمع کرا سکیں گے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ آپ کی رقم آپ کی ہی رہے گی آپ کوکوئی فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے اور نہ ہی کسی آپا دھاپی میں پڑنے کی ضرورت ہے۔ آپ کے پاس تقریباََ 50 دنوں کا وقت ہے۔ انہوںنے کہا کہ 100,50,20,10,5,2,1 کے سبھی نوٹ اور سکے حسب سابق چلتے رہیںگے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی سہولت کے لئے 11 نومبر کی رات 12 بجے تک سرکاری ہسپتالوں میں بل جمع کرنے ، ڈاکٹروں کی پرچی پر دوائیاں خریدنے اور ریلوے کی ٹکٹ کی بکنگ کے لئے اور سرکاری بس ٹکٹ کا¶نٹر اور ہوائی اڈوں پر یہ نوٹ چلیں گے ۔لیکن 9 نومبر اور کچھ مقامات پر 10 نومبر کو بھی اے ٹی ایم کام نہیں کریںگے اور 9 نومبر کو سارے بینک صارفین خدمات کیلئے بند رہیںگے۔ وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت نے دنیا میں چمکتے ستارے کے طور پر اپنی شناخت قائم کی ہے۔ لیکن سرحد پار سے ہمارے دشمن جعلی نوٹوں کے ذریعہ بھارت میں اپنا دھندہ چلارہے ہیں۔ ہماری حکومت گاﺅں، غریب اور کسانوں کی حکومت ہے۔ بدعنوانی ، کالا دھن ہمارے ملک کیلئے ایک بیماری کی طرح ہے۔ غریبی ہٹانے میں بدعنوانی اور کالا دھن سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی اور جعلی نوٹ ملک کو تباہ کررہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ گذشتہ ڈھائی برسوں میں بھارت نے عالمی اقتصادیات میں اپنی برائٹ اسپاٹ کے طور پر اپنے کو منوایا ہے۔