نائر کا ٹرپل دھماکہ،بھارت کو 282 رنو ں کی سبقت

چنئی، 19 دسمبر (یواین آئی) ہندوستان کے نوجوان بلے باز کرون کلادھرن نائر اپنے تیسرے ہی ٹیسٹ میں ناٹ آوٹ 303 رن کی شاندار اننگز کھیل کر ہندوستان کی ٹیسٹ تاریخ کے نئے ‘تاریخی کھلاڑی ‘ بن گئے ہیں۔نائر نے انگلینڈ کے خلاف پانچویں اور آخری ٹیسٹ کے چوتھے دن اپنی ریکارڈ اننگز سے یہ کامیابی حاصل کی اور ان کی اس حیرت انگیز کارکردگی سے ہندوستان نے اپنی ٹیسٹ تاریخ کا سب سے بڑا اسکور بناتے ہوئے سات وکٹ پر 759 رن پر اننگز ڈکلیئر کر دی۔ ہندوستان کو اس طرح 282 رن کی بڑی برتری حاصل ہو گئی۔ نائر نے اپنے تیسرے ہی ٹیسٹ میں 381 گیندوں پر 32 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 303 رن کی اننگز کھیلی۔نائر اپنی اس اننگز کے ساتھ ہی وریندر سہواگ کے خصوصی کلب میں شامل ہو گئے جنہوں نے اس سے پہلے تک ہندوستان کی جانب سے دو ٹرپل سنچری بنائی تھی۔سہواگ نے مارچ 2004 میں پاکستان کے خلاف ملتان میں 309 رن اور مارچ 2008 میں چنئی کے اسی میدان پر 319 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں اسٹمپس تک پانچ اوور میں بغیر کوئی وکٹ کھوئے 12 رن بنا لئے ۔کیٹن جیننگس نو اور ایلیسٹیر کک تین رن بنا کر کریز پرموجود تھے ۔ انگلینڈ اب بھی اننگز کی شکست اور چار۔صفر سے بچنے کیلئے 270 رن بنانے ہیں۔ میچ کے چوتھے دن کے ہیرو رہے کرناٹک کے 25 سالہ نائر نے اس تاریخی کامیابی سے پہلے تک دو ٹسٹ میچوں میں محض 17 رن بنائے تھے لیکن اپنے تیسرے ٹیسٹ میں انہوں نے ٹرپل سنچری بناکر نئی تاریخ رقم کرلی ۔ راجستھان کے جودھ پور میں پیدا ہوئے نائر نے اپنی اس اننگز میں متعدد ریکارڈ توڑ دیے ۔کپتان وراٹ کوہلی نے نائر کی ٹرپل سنچری مکمل ہوتے ہی ہندوستان کی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی ۔انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے ٹرپل سنچری بنانے والے نائر کو ان کی اس کامیابی کے لیے ہاتھ ملا کر مبارک باد دی اور جب نائر پویلین پہنچے تو انہیں مبارکباد دینے والوں میں سب سے آگے کپتان وراٹ تھے جنہوں نے اس نوجوان بلے باز کی پیٹھ تھپ تھپائی۔ اس کے بعد باقی کھلاڑیوں نے بھی انہیں ایک کے بعد ایک مبارک باد دی۔ہندوستان نے سات وکٹ پر 759 رن بنا کر ٹیسٹ تاریخ میں اپنا سب سے بڑا اسکور بنایا۔ اس سے پہلے ہندوستان کا بہترین اسکور نو وکٹ پر 726 رن تھا جو اس نے دسمبر 2009 میں سری لنکا کے خلاف ممبئی میں بنایا تھا۔ پانچویں ٹیسٹ کے چوتھے دن کا کھیل مکمل طور پر نوجوان بلے باز نائر کے نام رہا۔ہندوستان نے چار وکٹ پر 391 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا تھا۔ نائر 71 اور مرلی وجے 17 رن پر ناٹ آ¶ٹ تھے ۔ ہندوستان نے جلد ہی اپنے 400 رن مکمل کر لیے ہیں۔ نائر نے اپنی سنچری 185 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے مکمل کی۔ اس کے بعد تو نائر نے 150 رن 240 گیندوں میں، 200 رن 306 گیندوں میں، 250 رن 348 گیندوں میں اور 300 رن 381 گیندوں میں پورے کئے ۔ہندوستان نے اپنے 400 رن 111.2 اوور میں، 500 رن 157 اوور میں اور 600 رن 167.6 اوور میں، 700 رن 183.5 اوور میں اور 750 رن 188.3 اوور میں پورے کئے ۔ ہندوستان نے لنچ تک اپنا اسکور 463 رن اور چائے کے وقفہ تک 582 رن پہنچایا تھا۔ یہ دلچسپ رہا کہ کرناٹک کے سلامی بلے باز لوکیش راہل کے پاس اپنی پہلی ڈبل [؟][؟]سنچری بنانے کا موقع تھا لیکن وہ ایک رن سے چوک گئے ، ۔