ستیہ گرہ ایکسپریس سے 31 لاکھ کا چرس برآمد

رکسول (مشرقی چمپارن)، 5 مارچ (محمد حسن)۔ دہلی جانے والی 15273 اپ ستیہ گرہ ایکسپریس کی جنرل بوگی سے اتوار کو کثیر مقدار میں چرس برآمد کیا گیا ہے۔ ریلوے پولیس کے انسپکٹر منوج کمار یادو کی قیادت میں گئی آر پی ایف ٹیم کے ذریعہ ہولی کے دوران چلائی جا رہی خصوصی مہم کے دوران مذکورہ چرس برآمد کیا گیا۔ پریس کانفرنس کر اتوار کو اس کی اطلاع دیتے ہوئے آر پی ایف کے انسپکٹر مسٹر یادو نے بتایا کہ ہولی کے موقع پر اعلیٰ افسران کی ہدایت پر منشیات، شراب وغیرہ اشیاء کی اسمگلنگ پر لگام لگانے کے لئے زبردست جانچ مہم چلائی جارہی ہے۔ اسی کڑی میں اتوار کو پلیٹ فارم نمبر 3 پر لگی ستیہ گرہ ایکسپریس کے جنرل کوچ نمبر ای سی 98527 کی ایک سیٹ کے نیچے سے مذکورہ چرس برآمد کیا گیا ہے۔برآمد چرس کا وزن 3 کلو 100 گرام تھا جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت31 لاکھ روپے لگائی گئی ہے۔ چرس کو 6 پیکٹ میں ایک بیگ کے اندر کپڑے کے بیچ چھپا کر رکھا گیا تھا۔ برآمد جرس کو ضبط کرتے ہوئے اس معاملے میں ایک آر پی ایف تھانہ میں درج کر کیس میں آگے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔چھاپہ ماری میں آر پی ایف کے سب انسپکٹر اوم پرکاش ٹھاکر، ہیڈ کانسٹیبل جتیندر پرساد، شیلندر کمار سنگھ، وجے کمار سنگھ، سنجے کمار قاضی سمیت دیگر شامل تھے۔ واضح ہوکہ اس سے پہلے بھی آر پی ایف کے ذریعہ ٹرین سے چرس برآمد کیا گیا تھا۔