فریقین بات چیت کے ذریعہ اجودھیا مسئلہ کا حل نکالیں : یوگی

نئی دہلی، 21 مارچ (یو این آئی) اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اجودھیا میں شری رام جنم بھومی مندر بابری مسجد تنازعہ کے سلسلہ میں سپریم کورٹ کے مشورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے آج کہا کہ اس مسئلہ کے حل کے لئے دونوں فریقوں کو مل جل کر بات چیت کرنی چاہئے ۔ مسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے یہاں پارلیمنٹ کے احاطے میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران یہ بات کہی۔ رام جنم بھومی کے سلسلہ میں سپریم کورٹ تبصرے پر ردعمل دریافت کئے جانے پر وزیراعلی نے کہا کہ دونوں فریقوں کو آپس میں بات چیت کے ذریعہ اس مسئلہ کا حل نکالنا چاہئے ۔ خیال رہے کہ سپریم کورٹ چیف جسٹس جے ایس کیہر کی سربراہی والی ڈویژن بنچ رام جنم بھومی/بابری مسجد مسئلہ کا متعلقہ فریقوں کے درمیان باہمی اتفاق رائے سے حل نکالے جانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر وہ اس معاملے میں ثالثی کرنے کے لئے تیار ہے ۔ جسٹس کیہر نے اس معاملے کی پیروی کرنے والے بی جے پی کے لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی سے کہا کہ وہ عدالت سے باہر اجودھیا تنازعہ کا حل نکالنے کی کوشش کریں ۔ یہ حساس اور جذبات سے جڑا ہوا معاملہ ہے ۔ اس لئے بہتر ہوگا کہ اس معاملے سے متعلق فریق اسے باہمی رضامندی سے سلجھالیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر متعلقہ فریق چاہیں تو اس معاملے میں وہ خود ثالثی کرنے کے لئے تیار ہیں یا پھر عدالت کے کسی دیگر افسر کا بھی انتخاب کرسکتے ہیں۔