اہل ترین امیدوار ہوگا اترپردیش کا اگلا وزیراعلی : شاہ

نئی دہلی،11مارچ(یواین آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)کے صدر امت شاہ نے آج کہا کہ ان کی پارٹی اترپردیش کا اگلا وزیراعلی قابلیت کی بنیاد پر منتخب کرے گی۔مسٹر شاہ نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں کہا کہ اہل ترین شخص کو وزیراعلی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی اور اترپردیش کے وزیراعلی اکھیلیش یادو دونوں نے انتخابی عوامی جلسوں میں نوٹوں کی منسوخی کا مسئلہ اٹھایا تھا۔اب یہ ثابت ہوگیا ہے کہ ملک کے عوام نوٹوں کی منسوخی کے مسئلے پر وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔بی جے پی صدر نے کہا،”پارٹی کا انتخابی منشور ہی اس کی ترجیح ہے ۔اترپردیش کے عوام نے بی جے پی پر جو بھروسہ ظاہر کیا ہے اس پر ہم صد فیصد کھرے اتریں گے ۔اترپردیش کا الیکشن ملک کی سیاست کا رخ طے کرے گا۔اب ہم نسل پرست، کنبہ پروری اور اقلیت نوازی کی سیاست سے نجات دلا کر ریاست کو ترقی کے راستے پر آگے لے جائیں گے ۔”مسٹر شاہ نے کہا کہ مسٹر مودی کی قیادت پرغریبوں کا یقین مضبوط ہوا ہے ۔غریبوں کا ایک بہت بڑا طبقہ بی جے پی کے ساتھ منسلک ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ غریبوں سے متعلق منصوبوں کو عمل میں لایا جائے گا۔اترپردیش میں امن و قانون کی حالت سدھارنے کی بات کرتے ہوئے مسٹر شاہ نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت بننے کا مطلب ہوتا ہے کہ امن وقانون کی حالت بہتر ہوگی۔وزیراعظم کے وارانسی میں رہکر انتخابات کی تشہیر کرنے کو جائز ٹھہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی نے وہاں کے نمائندے ہونے کے ناطے اپنے پارلیمانی حلقے میں رہکر تشہیر کی۔پنجاب کی ہار قبول کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پارٹی ہار کی وجہ کا گہرائی سے مطالعہ کرے گی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ گوا میں بھی بی جے پی کی حکومت بنے گی۔مسٹر شاہ نے کہا کہ ان انتخابات کے بعد یقینی طورپر راجیہ سبھا میں بی جے پی کی طاقت بڑھے گی۔