ٹینس: دیوج ، پورو کو فائدہ، ثانیہ ایک مقام نیچے

نئی دہلی، 23 مئی (یو این آئی) ہندستان کے دیووج شرن اور پورو رراجہ کو مردوں کے بوڈورکس چیلنجر ٹورنامنٹ کی خطابی جیت کا فائدہ تازہ ٹینس رینکنگ میں بہتری کے طور پر ملا ہے جبکہ ثانیہ مرزا کو ایک مقام کا نقصان ہواہے۔ دیوج اور پورو کی ہندستانی جوڑی نے چوتھی سیڈ میکسیکو کے سینٹ یاگو گونجالیج اور نیوزی لینڈ کے آرٹم ستاک کو لگاتار سیٹوں میں 4-6، 4-6 سے ہراکر سیزن کا اپنا پہلا خطاب جیتا تھا۔ پورو اور دیوج کے اس خطاب کے ساتھ 110 اے ٹی پی پوائنٹس کا فائدہ پہنچا اور 6580 یورو کی انعامی رقم ملی۔ اس خطاب سے دیوج کو تین مقام کافائدہ ملا اور اب وہ 55 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ پورو کو دو مقام کا فائدہ ہوا اور اب وہ 58 ویں مقام پرآگئے ہیں۔ اٹالین اوپن کے کواٹر فائنل میں شکست کھانے والے روہن بوپنا کا 22 واں اور بوڈوکرکس کے سیمی فائنل میں ہارنے والے لینڈر پیس کا 52 واں مقام قائم ہے۔ اٹالین اوپن کے سیمی فائنل میں ہارنے والی ثانیہ مرزا کو ایک مقام کا نقصان ہوا ہے اور وہ خواتین کے ڈبلز رینکنگ میں آٹھویں مقام پر پہنچ گئی ہیں۔ یوکی بھامبری 241 ویں مقام کے ساتھ ملک کے چوٹی کے کھلاڑی بنے ہوئے ہیں جبکہ رمکمار رامناتھن تین مقام کے نقصان کے ساتھ 265 ویں اور پرجنیش گنشین چار مقام کے ن?قصان کے ساتھ 274 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔