بی جے پی- آر ایس ایس کے خلاف نعرے بازی

رانچی، 11اگست (معیز الدین خان)۔ جھارکھنڈ پولیس میں داروغہ بحالی امتحان میں عمر کی حد میں چھوٹ دینے کی مانگ کو لے کر طلبا کا غصہ بڑھتا جا رہا ہے۔ جمعہ کو سابق وزیر تعلیم بندھو ترکی کی قیادت میں ہزاروں طلبا و طالبات سڑک پر اتر پڑے۔ مورہابادی میدان سے نکل کر ریلی کی شکل میں تمام طلبا اسمبلی کا گھیراو¿ کرنے پہنچے۔ اس دوران بی جے پی، آر ایس ایس اور رگھوور حکومت کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔ داروغہ بحالی میں عمر کی حد مقرر کرنے میں گزشتہ بار فارم بھرنے والے امیدواروں کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ اس کی مخالفت میں ہائی کورٹ میں بھی عرضی داخل کی گئی ہے۔ تبدیلی مذہب بل،سی این ٹی میں کی گئی ترمیم کی مخالفت میں بھی قبائلی کمیونٹی کے ہزاروں لوگ بھی ریلی میں شامل ہیں۔
طلبا کی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ کے ہوش اڑ گئے ہیں۔کہیں توڑ پھوڑ نہ ہو اس کے لئے حفاظت کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ ساتھ میں رانچی کے سٹی ایس پی امن کمار، کوتوالی ڈی ایس پی بھولا پرساد سنگھ، ارگوڑا ایس ایچ او رتیبھان سنگھ سمیت دیگر پولیس افسر ریلی کے ساتھ موجود تھے۔