جہیز کے خاتمہ کیلئے2اکتوبر سے ریاست گیر مہم:نتیش

پٹنہ 04 اگست (تاثیر بیورو): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آج محکمہ آبی وسائل ،منصوبہ بندی اور ترقی کے علاوہ سماجی فلاح اور اقلیتی فلاح جیسے اہم محکموں کے کاموں کو جائزہ لیا۔ میٹنگ کے بعد چیف سکریٹری انجنی کمار سنگھ نے بتایا کہ سماجی فلاح محکمہ کے جائزے کے دوران یہ ہدایت دی گئی کہ سماجی تحفظ کے مختلف پنشن منصوبوں کے مستفیدین کو آدھار سے جوڑتے ہوئے انہیں منصوبے کا فائدہ فوری طور پرپہنچایا جائے ۔ ساتھ ہی جن لوگوں کے دستاویزات کی تصدیق کرلی گئی ہے ان کے زیر التوا پنشن کی ادائیگی یکمشت کردی جائے۔ پنشن ادائیگی کی فی الحال سہ ماہی بنیاد پر کی جائے گی اور جلد ہی اسے ماہانہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کبیر منصوبے کے تحت تین ضلعوں میں پیرنٹ چائلڈ اکاﺅنٹ سسٹم اور ڈیولپڈ ایپ کا پائلٹ پروگرام جلد ہی شروع کیا جارہا ہے تاکہ منصوبے کافائدہ بلاتاخیر مل سکے۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ مربوط اطفال ترقی پروگرام کے تحت آنگن باڑی مراکز کی سرگرمیوں ،بچوں کی حاضری ، مقوی غذا کی تقسیم وغیرہ کی نگرانی کیلئے موبائل ایپ آنگن کو ڈیولپ کیا گیا ہے۔ آنگن باڑی ملازمین کو تربیت دی جارہی ہے۔ جس کے بعد جلدہی اسے پوری ریاست میں نافذ کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حاملہ خواتین )
کو دیئے جارہے فوڈ سپلیمنٹ میں کوئی خاتون محروم نہ رہ جائے اس کی مناسب نگرانی کیلئے محکمہ صحت کے ساتھ رابطہ کرکے ڈاٹا شیئرنگ کیا جائے گا تاکہ اس منصوبے کا فائدہ زیادہ سے زیادہ خواتین کو مل سکے۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نے واضح کردیا ہے کہ خواتین کی اختیار کاری کے سلسلے میں ریاستی حکومت سنجیدہ ہے اور خواتین کی اختیار کاری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس سلسلے میں آئندہ 2 اکتوبر سے بچوں کی شادی اور جہیز کے خاتمے کیلئے ریاست گیر مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ محکمہ آبی وسائل کے جائزے کے دوران اس سلسلے میں چیف سکریٹری نے بتایا کہ محکمہ کوہدایت دی گئی ہے کہ آبپاشی منصوبوں کیلئے مین نہر ، برانچ نہر اور چھوٹی نہر کی نگرانی کاکام بھی محکمہ اپنی سطح سے کرے۔ انہوں نے بتایا کہ زمین داری باندھ کے گشتی کام میں مزدوروں کیلئے مقررہ 15 کلو میٹر کو کم کر کے 5 کلو میٹر کیا جائے گا۔ جائزے کے دوران نائب وزیراعلیٰ سشیل مودی متعلقہ محکموں کے وزرائ، چیف سکریٹری اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔