رنجی ٹرافی کے اوپنر میں نہیں کھیلیں گے رہانے

ممبئی، 10 اکتوبر (یو این آئی) ہندوستانی اوپنر اجنکیا رہانے فی الحال چھٹیوں پر ہیں اور وہ مدھیہ پردیش کے خلاف ہونے والے افتتاحی رنجی ٹرافی میچ میں اپنی ٹیم ممبئی کی جانب سے نہیں کھیل پائیں گے ۔ آسٹریلیا کے خلاف موجودہ ٹی۔ 20 سیریز سے باہر سلامی بلے باز رہانے کی غیر موجودگی ممبئی کو ضرور محسوس ہو گی جو 42 ویں خطاب کے ساتھ اس مرتبہ تاریخ بنانے کا مقصد سے کھیل رہی ہے ۔ ٹیم کی کپتانی آدتیہ ترے کو سونپی گئی ہے جبکہ رہانے کے علاوہ شریس ایر، پرتھوی شا اور شاردل ٹھاکر جیسے کئی بڑے کھلاڑی دیگرمعاہدوں کی وجہ سے رنجی ٹیم سے باہر ہیں۔ گزشتہ سیشن میں ممبئی کو فائنل میں گجرات سے شکست کھانی پڑی تھی لہذا وہ موجودہ سیشن میں اچھی کارکردگی کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتی ہے لیکن بڑے کھلاڑیوں کی غیر موجودگی نے اس کے خدشات بڑھادیئے ہیں۔ وہیں ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن (ایم سی اے ) بھی اس بات سے پریشان ہے کہ ان کے بہترین بلے باز شریس اور پرتھوی دونوں کو نیوزی لینڈ کے بورڈ پریسیڈنٹ الیون کے خلاف پریکٹیس میچ میں شامل کرلیا گیا ہے جس کی وجہ سے وہ رنجی میچ میں نہیں کھیل پائیں گے ۔ یہ میچ 17 اور 19 اکتوبر کو ہونگے ۔ دوسری جانب تیز رفتار گیندباز شارول انڈیا اے کے لئے کھیل رہے ہیں اور وہ بھی ممبئی کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے ۔ ممبئی کی ٹیم نئے کوچ اور سابق وکٹ کیپر سمیر دیگھے کی قیادت میں کھیل رہی ہے جبکہ ٹیم کی کپتانی آدتیہ کے ہاتھوں میں ہے ۔وہیں ممبئی کے دو اہم کھلاڑی بلوندر سنگھ سندھو اور تشار دیش پانڈے کے زخمی ہونے کی وجہ سے ٹیم میں نئے تیز گیند باز رویستان دیاس اور مند مانجریکر کو شامل کیا ہے ۔