جعلی نوٹوں کی سودہ بازی کرتے گرفتار دو ملزموں میں ایک پولس کا جوان بھی

گیا،12 نومبر ( نمائندہ ) بہار پولس پر اس کے اپنے لوگ ہی داغ لگاتے رہے ہیں۔ تازہ معاملہ نقلی نوٹ کے کاروبار میں ملوث ہونے کا ہے۔ گیا کے بیلا گنج میں جعلی نوٹوں کی سودہ بازی کرتے گرفتار دو ملزموں میں ایک پولس کا جوان بھی ہے ۔ جعلی نوٹوں کا کاروباری مونگیر کا ہے۔ اس سے گیا کے ایک شخص نے سودہ طے کیاتھا کہ اسے ایک لاکھ کے اصلی نوٹ کے بدلے 5 لاکھ روپے دینے تھے ، وہ گیا کے شخص سے ایک لاکھ روپے لے کر نوٹ دیئے بغیر فرار ہوگئے ۔ لوگوں نے پیچھا کر اسے پکڑا اور چاکند پولس کو سونپ دیا۔ تب جاکر معاملے کی پول کھلی ۔ تھانہ صدر پون کمار نے بتایا کہ جمعہ کو گیا کے ایک شخص نے نوٹوں کی ادلا بدلی کا سودا کیا تھا ۔سنیچر کو طے وقت پر دونوں ایک مقام پر ملے ، وہاں وہ لوگ اس سے پیسہ لے کر پٹنہ کی طرف بھاگ نکلے ، جس کا دوسرے فریق نے پیچھا کیا ۔ لوگوں نے اسے چاکند میں پکڑ لیا اور اس کی اطلاع چاکند تھانہ پولس کو دی ۔تھانہ صدر نے بتایا کہ اینڈیکا ڈرائیو رنجیت مونگیر کا ہے ۔ گرفتار دوسرا ملزم پر بھات بیگوسرائے ، ضلع پولس دستہ میں ہے ۔دونوں کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔ حالانکہ نقلی نوٹ کے کاروباری کا اصل سرغنہ فرار ہونے میں کامیاب رہا ۔پولس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔ اس کے پیچھے بڑا گینگ ہوسکتا ہے۔