ڈی ایم نے کی طلبا و طالبات کے درمیان کشل یوا سرٹیفکٹ کی تقسیم

بلیا / بیگو سرائے ، 19 نومبر ( بی کے گلشن ) بلیا نگر پنچایت کے لکھمنیاں پھول چوک واقع ایڈمایر انسٹی چیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ ٹکنالوجی کے ذریعہ کشل یوا پروگرام کے تحت منعقد سرٹیفکٹ تقسیم اجلاس میں سنیچر کو ڈی ایم نوشاد یوسف نے 60 طلبا و طالبات کے درمیان سرٹیفکٹ کی تقسیم کیا ۔اجلاس میں موجود لوگوں کو خطاب کرتے ہوئے ڈی ایم نے کہا کہ سرکار کے ذریعہ چلائے جارہے اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو اپنے روزگار کے لئے مواقع حاصل ہوتے ہیں۔ ٹریننگ انسٹی چیوٹ سے طلبا و طالبات کو حاصل کرنے کے لئے بہت کچھ رہتا ہے۔ اس میں طلباوطالبات کیا حاصل کرتے ہیں و ہ طلبا پر منحصر کرتا ہے۔ ہمارے صوبہ میں ذہین طلبا کی کمی نہیں ہے ۔ کمی رہنے کے باوجود طلبا و طالبات بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کر ملک و دنیا میں اپنا نام روشن کرتے ہیں۔ انہوں نے طلبا کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی دنیا میں تعلیم سب سے اہم چیز ہے۔ اسے حاصل کرنے سے آپ آسمان کی بلندیوں تک پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منریگا مزدور کا بیٹا آئی آئی ٹی مکمل کرسکتا ہے ، وہیں پھوس کے گھر میں رہنے والی ایک لڑکی آئی ایس بن سکتی ہے تو بلیا کے طلبا وطالبات کیوں نہیں تعلیم کے شعبہ میں بہتر مظاہر ہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر چیز کو مثبت ڈھنگ سے لینا چاہئے ۔انہوں نے اے آئی ایم ٹی انسٹی چیوٹ کے منتظمین سے ٹریننگ کے معیار پر توجہ دینے کی نصیحت دی ۔ اس سلسلے میں ڈی ایم نے بی آر سی سی کے سینئر منیجر سمیرا پرساد کو ضلع کے ٹریننگ سنٹروں میں گھوم گھوم کر ٹریننگ کے معیار کی جانچ کرنے اور ٹریننگ دے رہے ٹرینروں کی صلاحیت کی جانچ کرنے کی بات کہی ۔پروگرام کو ایس ڈی او برج کشور چودھری ، ویا پار منڈل صدر راکیش سنگھ ، شبا ب فہیم ، مطیع الرحمن ،محمد عبداللہ ، طارق متین ، پروفیسر ظفر حبیب ،ضلع امپلائمنٹ افسر آشیش آنند، پیغام امن کمیٹی کے ضلع صدر محمد احسن نے بھی خطاب کیا۔ پروگرام میں سابق ایم ایل اے شمش الضحیٰ تھانہ صدر سنیل کمار ، نگر پنچایت کے اگزیکیو ٹیو افسر نوین کمار کنٹھ ،وارڈ پارشد فروغ الرحمن ، ڈاکٹر آفاق ، منیب الدین ، متین الدین ، ایڈوکیٹ ثناءالرشید ،شاہنواز احمدسمیت سینکڑوں مقامی لوگ موجود تھے۔ پروگرام کی صدارت اے آئی ایم ٹی کے ڈائریکٹر تنزیل الرحمن ، نظامت خالد انور نے کیا۔ لکھمنیاں کے اے آئی ایم ٹی انسٹی چیوٹ میں منعقد کشل یوا پروگرام کے تحت اسناد تقسیم اجلاس میں بلیا سب ڈویزن کو ایجوکیشن ہب بنائے جانے کی مانگ ویاپار منڈل صدر راکیش سنگھ ، لکھمنیاں کے پروفیسر ظفر حبیب نے پروگرام میں موجود ضلع مجسٹریٹ سے کیا۔ پروگرام کے مہمان خصوصی ضلع مجسٹریٹ نوشاد یوسف کو واقف کرایا گیا کہ لکھمنیاں ایجوکیشن کا پرانہ حلقہ رہا ہے۔ باوجود اس کے بلیا سے پچھم ایجوکیشن سے متعلق منصوبے بڑے پیمانے پر چلائے جارہے ہیں۔ جبکہ بلیا سب ڈویزن کو ڈگری کالج آئی ٹی آئی کالج سنٹرل اسکول اعلیٰ سے متعلق دیگر اداروں کے کھولے جانے کا مطالبہ کیا گیا۔ انہوں نے بتا یا کہ اس کے لئے زمین کا انتخاب کرلیا گیا ہے اور جلد ہی عمارت تعمیر کا کام شروع کیا جائے گا۔ ضلع میں طلباوطالبات کے تعلیم کے معیار کو بڑھانے کے لئے وزیر اعلیٰ اسمارٹ کریڈٹ کارڈ کا فائدہ لیا جارہا ہے۔ جس میں 10 کروڑ اس ضلع کو تعلیم کی ترقی کے لئے الاٹمنٹ کرایا گیا ہے۔