آسٹریلیا سے ہار کر ہندستان کے امکانات موہوم

ایپوہ، 06 مارچ (یو این آئی) ہندوستان ایک اور مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی چمپئن آسٹریلیا سے منگل کو 2۔4 سے ہار گیا جس سے اس کی 27 ویں ازلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے کی امیدیں تقریبا ختم ہو گئیں۔ ہندستانی مرد ٹیم میچ کے 40 ویں منٹ تک 0۔4 سے پچھڑ گئی تھی۔ہندستان نے اگرچہ 52 ویں اور 53 ویں منٹ میں مسلسل دو گول کئے لیکن یہ اس میچ میں واپسی د لانے کے لئے کافی نہیں تھے ۔ ہندستان کو ٹورنامنٹ میں تین میچوں میں دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ آسٹریلیا نے مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرکے فائنل کا دعوی مضبوط کر لیا۔ہندستان اپنے پہلے میچ میں اولمپک چمپئن ارجنٹائن سے 2۔3 سے ہار گیا تھا جبکہ اس کا اگلا میچ گزشتہ چمپئن انگلینڈ سے 1۔1 سے برابر ہوا تھا۔آسٹریلیا نے اس سے پہلے انگلینڈ کو 4۔1 سے اور ملیشیا کو 3۔1 سے شکست دی تھی۔دن کے ایک اور میچ میں انگلینڈ نے آئرلینڈ کو 4۔1 سے شکست دی۔ ہندستانی ٹیم کو اب بدھ کو میزبان ملیشیا سے اور جمعہ کو آئر لینڈ سے کھیلنا ہے ۔ہندستان نے پہلے دو کوارٹر میں آسٹریلیا کو صرف ایک گول کی برتری تک روکے رکھا تھا۔پہلا کوارٹر بغیر گول رہا تھا اور آسٹریلیا نے دوسرے کوارٹر میں 28 ویں منٹ میں ملے پنالٹی اسٹروک پر برتری بنائی۔کپتان مارک کنولز نے پنالٹی اسٹروک پر یہ گول کیا۔تیسراکوارٹر شروع ہوتے ہی آسٹریلیا نے پانچ منٹ کے وقفے پر تین گول داغ کر ہندستانی چیلنج کو تہس نہس کر دیا۔ایرین جالیوسک¸ نے 35 ویں اور ڈینیل بئیل نے 38 ویں منٹ میں میدانی گول داغ کر آسٹریلیا کو 3۔0 سے آگے کر دیا۔آسٹریلیا نے 40 ویں منٹ میں ملے پنالٹی کارنر پر 4۔0 کی برتری حاصل کرلی۔ آسٹریلیا کا چوتھا گول بلیک گوورس نے کیا۔ ہندستان ت نے آخری 10 منٹ میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور اس دوران دو گول کئے ۔ ہندستان نے اگر یہی کھیل ابتدائی تین کوارٹر میں دکھایا ہوتا تو میچ کا نتیجہ کچھ اور ہو سکتا تھا۔ ہندستان کے دونوں گول میدانی رہے اور رمندیپ سنگھ کی اسٹک سے نکلے ۔رمندیپ نے 52 ویں اور 53 ویں منٹ میں میدانی گول کر ہندستان کی شرمناک شکست کا فرق کم کیا۔