سمیع ایک بہترین اور شریف النفس انسان ہیں:دھونی

نئی دہلی، 13 مارچ ( یو این آئی ) ہندوستان کے فاسٹ بولر محمد سمیع کو لگاتار دوسرے روز اس وقت زبردست راحت ملی جب ان کے خسر محمد حسن کے بعد ان کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ان کی حمایت میں بیان دیا اور ان کی پاکیزگی کی توثیق کی۔ سابق کپتان اور اب ٹیم انڈیا کے وکٹ کیپر دھونی نے کہا کہ محمد سمیع ایک بہترین اور شریف النفس انسان ہیں اور وہ ایسے شخص نہیں ہیں کہ پیسے کے لالچ میں اپنی بیوی اور ملک سے دھوکا کریں۔اگرچہ دھونی نے کہا کہ چونکہ یہ سمیع کا خانگی معاملہ ہے اس لیے وہ اس پر کچھ زیادہ نہیں کہناچاہتے لیکن جہاں تک میں جانتا ہوں سمیع ایک بہترین انسان ہے ۔وہ اپنی بیوی اور ملک کو دھوکا نہیں دے سکتا۔دوسری جانب سمیع بھی متواتر ان الزامات کی تردید کر رہے ہیں۔دھونی کے اس بیان سے یہ واضح ہوجاتا ہے کہ محمد سمیع پر ابھی ان کے ساتھی کھلاڑیوں کا اعتماد برقرار ہے ۔ گھریلو تنازعات کا شکار ٹیسٹ کرکٹر محمد سمیع نے سوشل میڈیا پر اپنی بیٹی کی تصویر شیئر کی ہے ، سنجیدہ نوعیت کے الزامات کے باوجود مداحوں نے سمیع کی بھرپور حمایت کی ہے ۔محمد سمیع نے ٹوئٹر پر ”چاکلیٹ لور۔۔۔مس یو بیبو” کیپشن کے ساتھ اپنی بیٹی کی تصویر پوسٹ کی ہے جس میں وہ بہت سی چاکلیٹس کے ساتھی بیٹھی ہے ۔اہلیہ حسین جہاں کی طرف سے گھریلو تشدد سمیت دیگر الزامات کے تحت پولیس شکایت درج کرانے کے بعد محمد سمیع کا کرکٹ کیریئر غیریقینی ہوگیا ہے ۔کولکتہ پولیس نے ہندستانی کرکٹ بورڈ سے ٹیم کے جنوبی افریقہ سے وطن واپسی پر کھلاڑیوں کے دبئی کے مبینہ دورے کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔ میڈیاکے مطابق محمد سمیع کی اہلیہ حسین جہاں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تصاویر اور گفتگو شیئر کی تھی۔ حسین جہاں نے تشدد کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ محمد سمیع کی مختلف لڑکیوں سے دوستی اور تعلقات ہیں اور وہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گی۔محمد سمیع نے الزامات کو جھوٹ قرار دیاتھا۔ردعمل میں سمیع نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ہماری ذاتی زندگی کے بارے میں جو خبریں چل رہی ہیں ،سب جھوٹ ہیں،یہ ہمارے خلاف بڑی سازش ہے ، مجھے بدنام کرنے اور میرا کھیل خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔