آئی سی سی کرکٹ کمیٹی میں 3 نئے چہرے شامل

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 24-May-2018

 دبئی: 

اہم ترین اجلاس سے قبل آئی سی سی کرکٹ کمیٹی میں ردوبدل ہوگیا جب کہ تین نئے ممبران 28 اور 29 مئی کی میٹنگ میں شریک ہوں گے۔

آسٹریلیا کی سابق ویمن کپتان بیلینڈا کلارک، نیوزی لینڈ کے کوچ مائیک ہیسن اور اسکاٹ لینڈ کے کپتان کائیل کوئیٹزر کو آئی سی سی کرکٹ کمیٹی میں تین برس کیلیے شامل کیا گیا ہے، کمیٹی کا اہم ترین اجلاس ممبئی میں 28 اور 29 مئی کو منعقد ہوگا جس میں کئی دوسرے ایشوز کے ساتھ 2019 سے شروع ہونے والی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پلیئنگ کنڈیشنز، ٹاس کی روایت ختم کرنے اور ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے حوالے سے غور ہوگا۔

بیلینڈا کمیٹی میں کلیری کورنر کی جگہ لیں گے جن کی تین برس کی مدت پوری ہوچکی ہے، ہیسن، ڈیرن لی مین کی جگہ کمیٹی میں شامل ہوں گے جوکہ آسٹریلوی کوچ کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد اب اس پوسٹ کے اہل نہیں رہے۔

اسی طرح آئرلینڈ کے فل ممبر بن جانے کی وجہ سے کیون اوبرائن بھی ایسوسی ایٹ ممبران کی نمائندگی کے اہل نہیں رہے، ان کی جگہ اسکاٹ لینڈ کے کوئیٹزر لیں گے۔ آئی سی سی کرکٹ کمیٹی میں کوئی بھی پاکستانی شامل نہیں جبکہ اس کے چیئرمین بھارت کے سابق کپتان انیل کمبلے ہیں۔

آئی سی سی کے چیئرمین شیشانک منوہر اور چیف ایگزیکٹیو ڈیورچرڈسن بھی اس کا حصہ ہیں، سابق کھلاڑیوں کی نمائندگی اینڈریو اسٹروس اور مہیلا جے وردنے کررہے ہیں، موجودہ پلیئرز کے نمائندے ٹم مے اور راہول ڈریوڈ ہیں۔ فل ممبرز ٹیموں کے کوچز کے نمائندے مائیک ہیسن ہیں، ایسوسی ایٹس ٹیموں کی نمائندگی اب سے کائیکل کوئیٹزر کرینگے۔

خواتین کرکٹ کی نمائندگی کیلیے بیلینڈا کلارک کا انتخاب ہوچکا ہے۔ فل ممبران کے نمائندے نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ ہیں، میڈیا کی نمائندگی کمیٹی میں شان پولاک کے سپرد ہے، امپائرز نمائندے رچرڈ کیٹل برو، ریفری نمائندے راجن مدوگالے اور ایم سی سی کے نمائندے اس کے کرکٹ ہیڈ جان اسٹیفن سن ہیں۔