بنگلہ میں توڑ پھوڑ کو لے کر اکھلیش کی پریشانیوں میں اضافہ ، ہائی کورٹ نے مانگی یوگی حکومت سے رپورٹ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 23-June-2018

سرکاری بنگلہ میں توڑپھوڑ کے معاملہ میں یو پی کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کی پریشانیوں میں  اضافہ ہوگیا ہے۔ الہ آباد ہائی کورٹ نے یوگی سرکار کو مذکورہ معاملہ میں دس دنوں کے اندر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ دوسری جانب عدالت میں سماعت کے دوران یوپی حکومت نے بتایا کہ  متعلقہ محکمہ پہلے سے ہی اس معاملہ میں جانچ کر رہا  ہے اور یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جائے گی کہ سرکاری بنگلہ کو کتنا تقصان پہنچا ہے۔

واضح رہے  کہ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ سابق سی ایم کے بنگلہ میں متعلقہ محکمہ کے ساتھ ہی پرائیوٹ کمپنی سے بھی کام کروایا گیا تھا ۔  اس معاملہ کی اگلی سماعت اب 3 جولائی کو ہوگی ۔ در اصل میرٹھ کے راہل رانا نے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کے خلاف کارروائی کے لئے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی ہے ، جس پر جسٹس بی کے نارائن اور جسٹس راجیو گپتا کی ڈویزن بینچ میں سماعت چل رہی ہے۔ یو پی حکومت کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ نقصان کے تخمینہ کے بعد سابق سی ایم اکھلیش کو نوٹس جاری کر کے آگے کی کاروائی کی جائےگی۔