کشمیری نوجوان ’تباہی‘ اور ’ترقی‘ میں سے صرف ’ترقی‘ کا راستہ اختیار کرے: راجناتھ سنگھ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 08-June-2018

سری نگر: مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کشمیری نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ’تباہی‘ اور ’ترقی‘ میں سے صرف ’ترقی‘ کا راستہ پکڑیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کشمیری نوجوان ’ترقی‘ کا راستہ اختیار کرتے ہیں تو انہیں دنیا کی کوئی طاقت آگے بڑھنے سے نہیں روکے گی۔انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کی ترقی میں ہی پورے ہندوستان کی ترقی کا راز مضمر ہے۔

وزیر داخلہ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں شیر کشمیر انڈور سٹیڈیم میں منعقدہ ’جموں وکشمیر سپورٹس کنکلیو 2018‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جموں وکشمیر سٹیٹ اسپورٹس کونسل کی طرف سے منعقد کئے جانے والے اس کنکلیو میں ریاست میں گذشتہ چند برسوں کے دوران مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ایوارڈس سے نوازا گیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی، وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، ریاستی وزیر خزانہ سید محمد الطاف بخاری اور سٹیٹ سپورٹس کونسل کے سکریٹری وحیدالرحمان پرہ بھی موجود تھے۔ وزیر داخلہ نے وادی کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں سے کھچا کھچ بھرے انڈور سٹیڈیم میں اپنی تقریر کا آغاز کچھ اس طرح کیا ’محبوبہ جی، کشمیر میں یہ نظارہ میں نے اپنی زندگی میں پہلی بار دیکھا ہے۔ مجھے یہاں آنے کا کئی بار موقع ملا ہے، لیکن ایسا نظارہ آج تک کبھی نہیں دیکھا۔ ان بچوں کے حوصلے اور ولولے کو دیکھنے کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ جموں وکشمیر کے نوجوان صرف ریاست کی ہی نہیں بلکہ پورے ہندوستان کی تقدیر کو بدل سکتے ہیں۔