Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 9th Jan.
پٹنہ : بہت افسوس کے ساتھ خبر دی جاتی ہے کہ آج صبح اردو ایکشن کمیٹی ضلع ویشالی کے صدر و صدر ضلع اردو ٹیچرس ایسو سی ایشن ویشالی ماسٹر محمد عظیم الدین انصاری کے صاحبزادے شہاب الدین پٹنہ امتحان دینے جانے کے دوران سڑک حادثہ میں جا بحق ہوگئے ۔انا للہ وانا الیہ راجعون۔واضح ہو کہ ماسٹر عظیم الدین کے دو صاحبزادے حاجی پور سے صبح میں سی ٹیٹ کا امتحان دینے کیلئے بائیک پر سوار ہوکر پٹنہ آرہے تھے۔ پیچھے سے تیز رفتار گاڑی نے انکے بائیک کو ٹکر ماردی ۔ دونوں سڑک پر گرگئے ۔ آنا ً فاناً انکو این ایم سی ایچ لایا گیا جہاں انکے ایک لڑکے کے موت کی تصدیق ڈاکٹروں نے کی۔ دوسرے لڑکے کو بھی کافی چوٹ آئی ۔ سی ٹی اسکین ہونے کے بعد ان کو خطرہ سے باہر بتایا گیا ۔ مرحوم کا این ایم سی ایچ میں پوسٹ مارٹم ہونے کے بعد جسد خاکی کو حاجی پور لے جایا گیا ۔ اور دوسرے بیٹے کو میڈاز اسپتال میں داخل کرایا گیا ۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج ہی 8.30شب میں نماز جنازہ ادا کی گئی اور بعدہ مقامی قبرستان میں نمناک آنکھوں سے سپرد خاک کردئے گئے ۔ انتقال کی خبر سنتے ہی حاجی پور اور پٹنہ میں غم کا ماحول چھا گیا ۔ انتقال کی خبر سنتے ہی بہی خاہوں نے این ایم سی ایچ کی طرف اظہار تعزیت کو پہنچے ۔ جہاں ماسٹر عظیم الدین انصاری کے ساتھ ہونے والے اس اندوہناک حادثہ پر تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ۔ اردو ایکشن کمیٹی کے نائب صدر ڈاکٹر ریحان غنی، جنرل سکریٹری ڈاکٹر اشرف النبی قیصر اور رکن مجلس عاملہ سید شاہ فیض الرحمٰن نے خاص طور پر این ایم سی ایچ جاکر ماسٹر عظیم الدین سے ملاقات کرکے ان سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔ اردو ایکشن کمیٹی کے صدر ایس ایم اشرف فرید استقبالیہ تقریب میں شامل ہونے کیلئے دربھنگہ تشریف لے گئے ہیں ۔ انہوں نے اس موقع پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کی دعائیں کی اور اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ماسٹر عظیم الدین انصاری کیلئے اللہ سے صبر جمیل کیلئے خصوصی دعا کی ہے ۔ امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم مولانا شبلی القاسمی ، نائب ناظم مفتی ثنا ء الہدیٰ قاسمی ، آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے ریاستی صدر و ایم ایل اے اختر الایمان نے بھی این ایم سی ایچ جاکر ماسٹر عظیم الدین انصاری سے ملاقات کرکے ان سے ہمدردی کااظہار کیا اور مرحوم کی مرحوم غریق رحمت کیلئے دعائیں کیں۔ بہار قانون ساز کونسل کے ممبر و کاروان اردو کے صدر پروفیسر غلام غوث نے ماسٹر عظیم الدین انصاری کو موبائیل پر رابطہ کرکے ان سے تعزیت کا اظہار کیا اور اللہ سے دعا ء کی ہے کہ اہل خانہ کو اس غم کو سہنے کیلئے ہمت دے ۔ اس موقع پر پیس فائونڈیشن کے اعزازی صدر محمد نوشاد انصاری بھی این ایم سی ایچ گئے اور تعزیت کا اظہار کیا ۔ اظہار تعزیت کرنے والوں میں اردو ایکشن کمیٹی کے نائب صدر ڈاکٹر محمد غیاث الدین راعی، ناظم ڈاکٹر انوارالہدیٰ ،اسحاق اثر، فرحت صدیقی ، ممبر مجلس عاملہ انوارالحسن وسطوی، حبیب مرشد خاں، ڈاکٹر عبد الباسط حمیدی، ڈاکٹر نقی احمد جون ، ڈاکٹر شفیع الزماں معظم، ڈاکٹر رحمت یونس، ڈاکٹر ثریا جبیں،اردو کونسل ہند کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر اسلم جاوداں، ناظم ڈاکٹر آفتاب النبی ، ایسوی ایشن آف مسلم ڈاکٹرس ڈاکٹر اطہر انصاری وغیرہ کے نام شامل ہیں