Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 18th Jan.
دربھنگہ(فضا امام) 18 جنوری:۔دربھنگہ کے حسن چک مکھناہی پوکھر میں +2 راج اسکول کا مین گیٹ گرنے سے ایک بچی کی موت ہوگئی۔ اس معاملے میں لواحقین نے آج معاوضے کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑک بلاک کر دی۔ لواحقین نے گیٹ گرنے میں غفلت برتنے والے ٹھیکیدار،مینجمنٹ کمیٹی اور اسکول پرنسپل کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ واضح ہو کہ گزشتہ منگل کی شام +2 راج ہائی اسکول کے مین گیٹ کا گیٹ گر گیا تھا۔ سنیل رام کی 8 سالہ بیٹی ماہی کماری اس کے نیچے دب کر ہلاک ہوگئی۔ اسی کو لے آج مشتعل مقامی لوگوں اور اہل خانہ نے حسن چک کو بانس کے بلوں سے گھیر دیا اور قادر آباد ٹاور روڈ بلاک کر دی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ہی معاوضے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔ لیکن معاوضہ کی رقم لواحقین کو نہیں دی گئی۔ بعد ازاں صدر کے بی ڈی او وجے کمار سوربھ نے موقع پر پہنچ کر خاندانی فائدہ اسکیم کے تحت مرنے والی بچی کے کنبہ کو 20 ہزار روپے کا چیک سونپا۔بی ڈی او نے +2 راج اسکول کے پرنسپل سے فون پر بات کی اور اسکول مینجمنٹ کمیٹی کی جانب سے کنبہ کے افراد کو 2 لاکھ روپے بطور معاوضہ حاصل کرنے کی پہل کی۔ پرنسپل نے کچھ وقت میں رقم دینے کا یقین دلایا۔ اس کے بعد بی ڈی او نے لوگوں سے بات کی۔ عوامی نمائندوں، اہل علاقہ اور لواحقین نے بات چیت کے بعد اتفاق کیا اور جام ختم کرایا۔