Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 3rd Jan
تل ابیب،3جنوری:اسرائیل کے نئے وزیر خارجہ ایلی کوہن نے پیر کو ایران کو فوجی جوہری صلاحیتوں کے حصول سے روکنے کے کے عزم کی توثیق کی۔انہوں نے کہا کہ ان کا ملک ایرانی فوجی جوہری منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے ایک متفقہ بین الاقوامی محاذ تشکیل دینے کے لیے کام کرے گا۔ جس کی اطلاع اسرائیل کے عربی اکاؤنٹ نے ٹوئٹر پر دی ہے۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اسرائیل ایران کی طرف سے کسی بھی ممکنہ منظر نامے کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی “آزاد” فوجی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے بھی کام کرے گا۔کوہن نے کہا کہ ایران طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل اور ڈرون تیار کر رہا ہے اور ایرانی فنانسنگ کی سرگرمیاں دنیا بھر میں دہشتگردی کا باعث بن رہی ہیں۔خیال رہے اس بیان سے ایک روز قبل نئے اسرائیلی وزیر دفاع یوآف گیلنٹ نے اتوار کو کہا تھا کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔اخبار ’’یروشلم پوسٹ‘‘کے مطابق نیتن یاھو کی سربراہی میں نئی اسرائیلی حکومت کے وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف لڑنے اور ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کا عہد کیا۔ اس سے قبل اسرائیلی حکام بار ہا کہ چکے ہیں کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کے لیے تمام آپشنز زیر غور ہیں۔