بھارت کی سب سے طویل فاصلے والی ٹرین وویک ایکسپریس مئی سے ہفتے میں چار دن چلے گی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 8th Jan.

گوہاٹی، 8 جنوری:شمال مشرقی سرحدی ریلوے نے ڈبرو گڑھ – کنیا کماری – ڈبرو گڑھ سے چلنے والی بھارت کی سب سے لمبی دوری والی ٹرین وویک ایکسپریس کی تعداد کو ہفتے میں موجودہ دو دن سے بڑھا کر ہفتے میں چار دن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹرین نمبر 15906 (ڈبرو گڑھ سے کنیا کماری) وویک ایکسپریس ڈبرو گڑھ سے 19.25 بجے روانہ ہوگی اور سفر کے چوتھے دن 22.00 بجے کنیا کماری پہنچے گی، سبیاسچی ڈے، چیف پبلک ریلیشن آفیسر، شمال مشرقی سرحدی ریلوے، نے اتوار کو ایک بیان میں اس کی جانکاری دی۔ ا نہوں نے کہا کہ واپسی کی سمت میں، ٹرین نمبر 15905 (کنیا کماری – ڈبروگڑھ) وویک ایکسپریس کنیا کماری سے 17.20 بجے روانہ ہوگی اور سفر کے چوتھے دن 20.50 بجے ڈبرو گڑھ پہنچے گی۔ ٹرین میں ایک اے سی ٹو ٹائر، چار اے سی تھری ٹائر، 11 سلیپر کلاس، تین جنرل سیٹنگ، ایک پینٹری کار اور دو پاور کم لگیج ریک شامل ہیں۔
ٹرین نمبر 15906 (ڈبرو گڑھ – کنیا کماری) وویک ایکسپریس جو فی الحال ہفتہ اور منگل کو چل رہی ہے، 7 مئی سے ہر ہفتہ، اتوار، منگل اور جمعرات کو چلے گی۔ اسی طرح ٹرین نمبر 15905 (کنیا کماری – ڈبروگڑھ) وویک ایکسپریس جو فی الحال جمعرات اور اتوار کو چل رہی ہے، 11 مئی سے ہر بدھ، جمعرات، ہفتہ اور پیر کو چلے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ڈبروگڑھ – کنیا کماری وویک ایکسپریس ریلوے کی سب سے طویل فاصلے کی ٹرین ہے، جو بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام کے ڈبرو گڑھ سے جنوبی ریاست تامل ناڈو میں کنیا کماری تک چلتی ہے۔ یہ ٹرین 4189 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتی ہے اور ملک کی نو ریاستوں سے گزرتی ہے۔ اس کا راستہ فاصلے اور وقت دونوں کے لحاظ سے سب سے طویل ہے۔ یہ ٹرین 59 اسٹیشنوں پر رکتی ہے۔ وویک ایکسپریس 19 نومبر 2011 سے شروع ہوئی تھی۔ پچھلے 11 سالوں سے یہ ٹرین مسلسل عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرین کے موجودہ اوقات اور اسٹاپیج میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ اس ٹرین کے رکنے اور وقت کی تفصیلات آئی آر سی ٹی سی کی ویب سائٹ اور این ٹی ای ایس پر دستیاب ہیں۔