Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 2nd Jan.
جموں ،2 جنوری :جموں کے ایک نوجوان ارجن گپتا نے یونین پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ انڈین اکنامک سروس کے امتحان میں اوّل پوزیشن حاصل کی۔یہ پہلی بار ہے کہ جموں و کشمیر سے کسی امیدوار نے باوقار انڈین اکنامک سروس امتحان میں ٹاپ کیا ہے۔ارجن گپتا کے مطابق، یہ آئی ای ایس امتحان کے لیے ان کی پہلی کوشش تھی، جس میں اس سال ملک بھر سے کل 23 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ارجن گپتا، جموں کے تریکوٹہ نگر سے تعلق رکھتے ہیں۔ارجن نے آرمی پبلک اسکول کالوچک سے گیارہویں اور بارہویں جماعت تک ایم وی ایم سینئر سیکنڈری اسکول سے تعلیم حاصل کی۔انہوں نے آئی آئی ٹی کانپور سے بیچلر کے ساتھ ساتھ اکنامکس میں ماسٹرز کیا۔ کالج کے دنوں میں، وہ نیشنل آر بی آئی پالیسی چیلنج 2019 کی جیتنے والی ٹیم کا بھی حصہ تھے اور اس کے بعد آر بی آئی ممبئی کے مانیٹری پالیسی ڈیپارٹمنٹ میں بطور انٹرن کام کیا۔اس کے علاوہ، انہوں نے 2020-2021 کے درمیان میک کینسی اینڈ کمپنی – ایک مشاورتی فرم میں تجزیہ کار کے طور پر بھی کام کیا۔