Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 3rd Jan.
نئی دہلی ، 3 جنوری :توانگ میں چینی فوج کے ساتھ جھڑپ کے بعد اروناچل پردیش کے دورے پر گئے وزیر دفاع نے ایل اے سی پر دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر ملک پر جنگ مسلط کی گئی تو ہم لڑائی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ توانگ واقعے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ ہمارے فوجیوں نے مؤثر طریقے سے دشمن کا مقابلہ کیاہے۔اروناچل پردیش کے ضلع سیانگ میں بارڈر روڈ آرگنائزیشن (BRO) کی طرف سے بنائے گئے پل کی افتتاحی تقریب میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے واضح طور پر کہا کہ ہندوستان ہمیشہ جنگ کے خلاف رہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ بیان کہ ’یہ جنگ کا دور نہیں ہے‘ کا حوالہ دیتے ہوئے راج ناتھ نے کہا کہ ہم جنگ میں یقین نہیں رکھتے لیکن اگر یہ ہم پر مسلط کی گئی تو ہم اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔وزیر دفاع نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں ترقیاتی کام مودی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس کا مقصد ایک مضبوط اور خود انحصاری والے نئے ہندوستان کی تعمیر کرنا ہے تاکہ مستقبل کے چیلنجوں کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کیا جا سکے ،جو عالمی منظر نامے کی وجہ سے ابھررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج دنیا بہت سی جنگوں اور تنازعات کی گواہ ہے۔ سرحدی علاقوں میں ترقیاتی کاموں کے ذریعے ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ملک تمام خطرات سے محفوظ رہے۔ اس تقریب کے دوران اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ ، مقامی رکن پارلیمنٹ ، فوج کی مشرقی کمان کے کمانڈنگ ان چیف لیفٹیننٹ جنرل آر پی کلیتا اور 3 کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل آر سی تیواری بھی موجود تھے۔توانگ میں چینی فوج کے ساتھ جھڑپ کا نام لیے بغیر راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ حال ہی میں ہماری فوج نے شمالی سیکٹر (چین کی سرحد) پر دشمن کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرتے ہوئے بہادری سے حالات پر قابو پایا ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ یہ سرحد پر ضروری بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔