Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 11th Jan.
علی گڑھ،11جنوری: اتراکھنڈ کے جوشی مٹھ شہر کے سینکڑوں مکانات اور دیگر عمارتوں میں دراڑیں پڑنے کے بعد اسے ’ڈوبتا شہر‘ قرار دیا گیا ہے اور ملک بھر میں اس کے حوالہ سے ہلچل پائی جاتی ہے۔ دریں اثنا، یوپی کے علی گڑھ شہر میں بھی جوشی مٹھ کی طرح مکانات میں دراڑیں پائی گئی ہیں، جس سے مقامی باشندگان خوف میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ علی گڑھ میونسپل کارپوریشن کے ایڈیشنل کمشنر راکیش کمار یادو نے کہا ’’ہم اپنی ٹیم بھیجیں گے اور جانچ کی جائے گی کہ ایسا کیوں ہوا۔‘‘مقامی لوگوں کے مطابق حکومت کی جانب سے اسمارٹ سٹی اسکیم کے تحت پائپ لائن بچھائی گئی تھی، جو اب مبینہ طور پر لیک ہو رہی ہے، جس سے دراڑیں پڑ رہی ہیں۔ کنواری گنج علاقے میں مکانات میں دراڑیں پڑنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ مقامی رہائشی منصور علی نے بتایا کہ دراڑیں نظر آئے ہوئے تین چار دن ہو گئے ہیں اور اس بارے میں محکمہ کو آگاہ کیا گیا ہے لیکن ابھی تک کوئی مدد فراہم نہیں کی گئی۔خیال رہے کہ جوشی مٹھ میں رواں ماہ کے آغاز میں سینکڑوں گھروں میں دراڑیں پڑنا شروع ہو گئی تھیں۔ جس کے بعد متعدد خاندانوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔ دریں اثناء ان 86 عمارتوں کو منہدم کئے جانے کے احکامات دیئے گئے ہیں جو غیر محفوظ ہیں۔ مقامی افراد اس کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور معاوضہ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ جوشی مٹھ ضلع انتظامیہ نے ’ڈوبتے شہر‘ میں رہنے کے لیے غیر محفوظ مکانات پر ریڈ کراس کے نشانات لگا دیئے ہیں۔