دارالعلوم دیوبند سے مربوط کشن گنج کے مدارس اسلامیہ سالانہ امتحان اجتماعی ہوگا:محمد مناظر نعمانی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 9th Jan.

کشن گنج/ٹھاکرگنج (محمد شاداب غیور): رابطہ مدارس اسلامیہ کشن گنج کی ایک میٹنگ جامعہ حسینیہ مدنی نگر کشن گنج میں منعقد ہوئی جس کی صدارت حضرت مولانا محمد غیاث الدین صاحب قاسمی مدظلہ العالی نائب صدر رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ صوبہ بہارنے فرمائی، اس میٹنگ میں رابطہ مدارس اسلامیہ دارالعلوم دیوبند سے مربوط تمام مدارس کے ذمہ داران یا ان کے نمائندوں نے شرکت کی، قاری محمد راحیل صاحب کی تلاوت قرآن کریم،اور جناب قاری محمد فرودس صاحب کی پرسوز نعت پاک کے بعد مفتی محمد مناظر نعمانی صاحب قاسمی مدظلہ جنرل سکریٹری رابطہ مدارس اسلامیہ نے اجتماعی امتحان کے فوائد اور اغراض مقاصد پر مختصر روشنی ڈالتے ہوئے حاضرین سے اجتماعی امتحان منعقد کرائے جانے پر رائے طلب کی جس پر تمام شرکاء نے اپنی رضامندی ظاہر کی، جس کے بعد دیگر امور پر غورو خوض کیا گیا اور ۵؍ تا ۹؍ شعبان المعظم ۱۴۴۴ھ مطابق ۲۶؍ فروری تا ۲؍ مارچ ۲۰۲۳ء کشن گنج کے ۵؍ مدارس جامعہ حسینیہ مدنی نگر کشن گنج، مدرسہ محمود المدارس کشن گنج، دارالعلوم بہادرگنج، جامعہ جعفریہ مدنی نگر سرائے کوڑی، اور جامعہ اسلامیہ دھنسوناپھلواری میں اجتماعی امتحان کا سینٹرمنتخب کیاگیا، جن میں حفظ کے تین فروعات فرع اول ۱؍ تا ۱۰؍ پارے ، فرع دوم ۱؍ تا ۲۰؍ پارے، اور فرع سوم میں مکمل قرآن کریم مع تجوید کا امتحان لیا جانا طے پایا ، ا ن امتحانا ت کے لئے سہ رکنی ایک بورڈ بھی تشکیل دیا گیا جو امتحان کی ضرورتوں پر غور وفکر کرکے نظام ِامتحان کو شاف وشفاف بنانے کی پوری کوشش کرے گا جس میں مفتی محمد مناظرنعمانی قاسمی جنرل سکریٹری رابطہ مدارس اسلامیہ کشن گنج، مولانا نفیس احمد صاحب قاسمی سکریٹری رابطہ مدارس اسلامیہ کشن گنج اور مولانامحمد افتخار عالم صاحب استاذ دارالعلوم بہادرگنج شامل ہیں، اور اخیر میں حضرت صدر محترم کی دعا پر مجلس اپنے اختتام کوپہونچی۔