Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 5th Jan.
کراچی ،5جنور:نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن کا کھیل ختم ہوگیا۔ 319 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کی صفر پر ہی 2 وکٹیں گر گئیں۔ کراچی ٹیسٹ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز 277 رنز پر ڈکلیئر کرکے پاکستان کو جیت کے لیے 319 رنز کا ہدف دیا۔ قومی ٹیم نے ہدف کا تعاقب شروع کیا پہلے ہی اوور میں عبداللہ شفیق ٹم ساؤتھی کی گیند پر بولڈ ہوگئے جبکہ دن کی آخری گیند پر میر حمزہ اش سوڈھی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ چوتھے دن کھیل کے اختتام تک پاکستان ٹیم نے کوئی رن نہ بنایا جبکہ اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔واضح رہے کہ چوتھے دن کھیل کے آغاز کے بعد قومی بیٹرز نے صرف ایک رن کا اضافہ کیا اور ٹیم 408 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو 5 رنز پر ہی دوسرے اوور میں میر حمزہ نے ڈیون کونوے کو صفر پر بولڈ کردیا۔پہلی وکٹ گرنے کے بعد کین ولیمسن اور ٹام لیتھم کی پارٹنرشپ کے باعث پاکستان ٹیم کو دوسری وکٹ کے لیے کافی انتظار کرنا پڑا۔نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ نسیم شاہ نے 114 رنز پر حاصل کی جب ابرار احمد نے شاندار فیلڈنگ کرتے ہوئے 62 رنز پر ٹام لیتھم کا کیچ پکڑا۔اگلے ہی اوور میں کسی بھی رن کے اضافے کے بغیر پاکستان ٹیم نے نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ بھی حاصل کرلی۔ابرار احمد نے کین ولیمسن کو 41 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 128 رنز پر گری جب حسن علی نے ہنری نکولس کو 5 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔پانچویں وکٹ پر کیوی بیٹر مائیکل بریسویل اور ٹام بلینڈل نے 127 رنز کی شراکت بنائی۔ نیوزی لینڈ کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ٹام بلینڈل تھے جو 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ چھٹی وکٹ پر مائیکل بریسویل اور ڈیرل مچل نے 22 رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد کپتان ٹم ساؤتھی نے 277 کے مجموعے پر اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کیا۔بریسویل نے 74 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ، میر حمزہ، ابرار احمد، حسن علی اور آغا سلمان نے ایک ایک وکٹ لی۔ آج سعود شکیل اور ابرار احمد نے چوتھے دن کھیل کا آغاز 9 وکٹ 407 رنز سے کیا جس کے بعد صرف ٹیم کے اسکور میں 1 رن کا ہی اضافہ ہوا۔کھیل کے پہلے ہی اوور میں ابرار احمد کو اش سودھی نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا جبکہ سعود شکیل 125 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ امام الحق 83، سرفراز احمد 78، آغا سلمان 41 اور بابر اعظم 24 رنز بنا کر نمایاں رہے۔