Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 11th Jan.
چنڈی گڑھ، 11 جنوری: کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا بدھ کو پنجاب میں داخل ہوئی۔ یاترا تبدیل شدہ شیڈول کے مطابق فتح گڑھ صاحب سے شروع ہوئی۔ سفر شروع کرنے سے پہلے راہل گاندھی نے چھوٹے صاحبزادوں کی یاد میں بنائے گئے فتح گڑھ صاحب کے گردوارہ میں سجدہ کیا۔ اس کے بعد روضہ شریف میں حاضری کے لیے تشریف لے گئے۔ منگل کو راہل گاندھی نے دربار صاحب میں سجدہ کیا۔بدھ کو راہل گاندھی سر پر سرخ پگڑی باندھ کر سرہند پہنچے، جہاں انہوں نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں نفرت پھیلائی جا رہی ہے۔ راہل نے الزام لگایا کہ سنگھ اور بی جے پی کے لوگ ایک مذہب کو دوسرے مذہب سے، ایک زبان کو دوسری زبان سے لڑانے میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ملک کا ماحول خراب کر دیا ہے۔ ہمیں ملک کو دوسرا راستہ دکھانا چاہیے، محبت، اتحاد اور بھائی چارے کا راستہ۔ راہل گاندھی نے کہا کہ اگرچہ یاترا تین ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کر چکی ہے، لیکن پنجاب کا ہر کسان ہم سے زیادہ پیدل چلتا ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ اس دورے کے دوران انہوں نے کسانوں، مزدوروں، بے روزگاروں سمیت ہر طبقہ سے ملاقات کی ہے اور ان کے مسائل جاننے کی کوشش کی ہے۔ یہ بھاشنوں کی یاترا نہیں بلکہ لوگوں کو سننے کی یاترا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کے عوام کانگریس کو متبادل کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔