Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 1st Jan.
قاہرہ ،یکم جنوری:ایک مشہور مصری قاری کو قرآن کی تلاوت کے دوران رقص کرنے اور پھر معافی مانگنے پر معطل کیے جانے کے بعد ایک اور مشہور مصری قاری کی گاتے ہوسے قرآن کی تلاوت کرتے ہوئے ویڈیو سامنے آگئی۔ اس ویڈیو کو دیکھ کر ان کی معطلی کے مطالبات نے زور پکڑ لیا ہے۔ لوگوں نے بڑے پیمانے پر غصہ کا اظہار کیا اور قاری کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔مشہور مصری قاری ’’ہ ، س ، ع‘‘ کی ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں وہ سورۃ الضحیٰ کی تلاوت کر رہے ہیں۔ دوران تلاوت ان کا انداز گانا گانے جیسا ہے جس پر ان کے مداحوں نے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔ لوگوں نے تلاوت کے اس انداز کو قرآن مجید کے وقار کے منافی قرار دیا اور اسے کلام اللہ کی بے ادبی میں شمار کیا۔سوشل میڈیا صارفین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس قاری کو قرآن کریم کی تلاوت سے روکا جائے اور معطل کردیا جائے۔ اس معاملے کی تحقیقات کرا کر قاری کو سزا دی جائے۔اسی طرح کا ایک واقعہ گزشتہ دنوں مصر میں پیش آیا اور اس نے غم و غصے کا طوفان برپا کر دیا تھا۔ مواصلاتی ویب سائٹس کے صارفین نے قرآن کریم کے مشہور قاری شیخ محمد حامد السلکاوی کی ایک ویڈیو کلپ گردش کر دی۔ اس ویڈیو میں قاری محمد حامد السلکاوی نے سور ۃ الشوریٰ کی آیات کی تلاوت کرتے ہوئے اپنے ہاتھوں اور جسم سے رقص نما حرکتیں کرکے قرآن مجید کا وقار مجروح کیا تھا۔لوگوں کی تنقید اور مطالبے پر قراء کرام کی سنڈیکیٹ نے قاری السلکاوی کو معطل کردیا تھا۔ جس کے بعد قاری السلکاوی نے اپنی فیس بک پوسٹ میں اپنے عمل پر معافی بھی مانگی تھی۔