سعودی عرب نے غیرازدواجی سلوک کی خاطر کرسٹیانو کیلئے دی خصوصی راحت

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 8th Jan.

لندن ، 8 جنوری :سعودی کلب النصر کا باضابطہ طور پر حصہ بننے کے بعد کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی گرلڈ فرینڈ جارجینا روڈریگیز ایک بار پھر سے میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے۔سعودی عرب ایک اسلامی ریاست ہے اور شرعی قوانین کے نفاذ کی وجہ سے وہاں کسی بھی جوڑے کو شادی کے بغیر ایک ساتھ رہنے کی اجازت نہیں ہے۔بعض سوشل میڈیا صارفین کو اب اس بات پر تشویش ہے کہ کئی برس سے شادی کے بغیر اپنی گرلڈ فرینڈ جارجینا روڈریگز کے ساتھ رہنے والے کرسٹیانو رونالڈو کو کیا سعودی حکومت ملک میں نافذ شادی کے قوانین کے خلاف ساتھ رہنے کی اجازت دے گی یا نہیں۔اس حوالے سے سعودی ماہرین قوانین نے ہسپانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی حکومت رونالڈو کے لیے اس سلسلے میں شادی کے قوانین میں تھوڑی نرمی کر دے گی اور انہیں کسی قسم کی کوئی سزا نہیں دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ کرسٹیانو رونالڈو کو اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ ایک ہی گھر میں رہنے کی اجازت دے دی جائے گی ،لیکن یہ بات واضح رہے کہ ریاست میںاَب بھی شادی کے بغیر ایک ساتھ رہنے پر پابندی ہے، یہ نرمی محض خصوصاً رونالڈو پر لاگو ہو گی۔سعودی ماہرین قوانین نے بتایا ہے کہ سعودی عرب میں شادی کے بغیر ایک ساتھ رہنے پر بہت سخت قوانین ہونے کے باوجود بھی آج کل سعودی حکام غیر ملکیوں کے ایسے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے۔واضح رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو اور سعودی کلب کے درمیان ڈھائی سالہ معاہدہ طے پایا ہے، جس کے تحت النصر کلب اسٹار پرتگالی فٹ بالر کو21 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز معاوضہ ادا کرے گا۔