شامی-سراج کی آندھی میں ’کیویوں‘ کے حواس باختہ

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 21st Jan.

نئی دہلی،21جنوری:ہندوستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف یک روزہ سیریز کے دوسرے میچ میں آج 8 وکٹ سے آسان جیت حاصل کر لی۔ اس جیت کے ساتھ ہی تین میچوں کی یک روزہ سیریز میں ہندوستان نے 0-2 کو ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔ یعنی کل ملا کر سیریز پر قبضہ ہو گیا ہے۔ آج رائے پور میں کھیلے گئے میچ میں ہندوستان کی طرف سے تیز گیندباز محمد شامی اور محمد سراج نے لاجواب گیندبازی کا مظاہرہ کیا ،اورجس کے نتیجے میں نیوزی لینڈ نے محض 15 رن پر ہی اپنے 5 وکٹ گنوا دیئے تھے۔ سینٹنر، بریسویل اور فلپس نے کچھ حد تک نیوزی لینڈ کے لیے مزاحمت کی ،اور اسکور کو 108 رن تک پہنچایا،تاہم وہ بھی اس جوڑی کی آندھی کے آگے ٹک نہ سکے اور اپنی وکٹیں گنوادیں۔آج ہندوستانی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ اس فیصلہ کو ہندوستانی گیندبازوں نے پوری طرح درست ثابت کیا۔ پہلے ہی اوور کی پانچویں گیند پر محمد شامی نے فن ایلن کو صفر پر آؤٹ کر دیا، اور پھر رہ رہ کر وکٹ گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ محمد شامی نے 6 اوور میں 18 رن دے کر 3 وکٹ لیے، جبکہ محمد سراج نے 6 اوور میں محض 10 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔ ہاردک پانڈیا (6 اوور میں 16 رن) اور واشنگٹن سندر (3 اوور میں 7 رن) نے 2-2 وکٹ لینے میں کامیابی حاصل کی، جبکہ شاردل ٹھاکر (6 اوور میں 26 رن) اور کلدیپ یادو (7.3 اوور میں 29 رن) کو 1-1 وکٹ ملے۔نیوزی لینڈ کی طرف سے گلین فلپس نے سب سے زیادہ 36 رن بنائے، جبکہ مشیل سینٹنر 27 رن اور مائیکل بریسویل 22 رن کا تعاون دے سکے۔ بقیہ کوئی بھی بلے باز دوہرے ہندسے تک نہیں پہنچ پایا۔ نیوزی لینڈ کے سبھی کھلاڑی 34.3 اوور میں 108 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ہندوستان کے سلامی بلے باز روہت شرما اور شوبھ من گل جب 109 رن کے ہدف کا پیچھا کرنے اترے تو کبھی بھی دؤ میں دکھائی نہیں دیئے۔ رن بہت آسانی سے بن رہے تھے اور ایک وقت ایسا لگ رہا تھا جیسے ہندوستان بغیر کوئی وکٹ گنوائے ہی جیت حاصل کر لے گا۔ لیکن کپتان روہت شرما 50 گیندوں پر 51 رن بنا کر شپلی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اس کے بعد وراٹ کوہلی نے کچھ اچھے شاٹ لگائے لیکن وہ بھی 9 گیندوں میں 11 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ انھیں سینٹنر نے اسٹمپ آؤٹ کیا، سلامی بلے باز شوبھ من گل ایک بار پھر 53 گیندوں پر 40 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان نے 20.1 اوور میں ہی 2 وکٹ کے نقصان پر 111 رن بنا دیئے۔