عربی زبان عصر حاضر کی اہم ضرورت:پروفیسر ڈاکٹر سید راشد نسیم ندوی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 20th Jan.

ہندوستان کے ممتاز عربک اسکالر اور ڈین فیکلٹی آف عرب اینڈ ایشین اسٹڈیز، ایفلو(EFLU)حیدر آباد نے پٹنہ یونیورسٹی کے شعبۂ عربی میں اساتذہ اور طلباء کے درمیان خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ پہلے کے مقابلے اب عربی زبان دنیا کی ضرورت بن چکی ہے، جس کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی کا کوئی زینہ عبور نہیں کرسکتا اس لئے اس زبان کی طرف ھماری توجہ نہ صرف ہمارے دینی اور مذہبی امور کی انجام دہی میں معاون ثابت ہو سکتی ہے بلکہ ہمارے معاشی بحران کو ختم کرنے کا اہم ذریعہ ہے، آج کے دور میں اس زبان کے ذریعے ملازمت کے حصول جس قدر سہولت وآسانی پیدا ہو گئی ہے کسی دوسری زبان کے حصول کے بعد اس کے امکانات بہت کم ہیں، لیکن یہ ضرورت صرف ڈگری کے حصول سے نہیں حاصل ہو سکتی ہے بلکہ اس کے لئے زبان وبیان پر مکمل گرفت ہونی چاہیئے، جس کا مشاہدہ ہندوستان کے تمام بڑے شہروں میں بآسانی کیا جا سکتا ہے کہ اس سے وابستہ افراد اپنی ضروریات زندگی کو پورا کرنے میں اس زبان سے کس قدر فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
طلباء سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ اپنی تحریری و تقریری صلاحیتوں کو پروان چڑھا ئیے اور فصیح عربی زبان پر ایسی قدرت حاصل کیجئے کہ اس کا اعتراف خود عرب کرنے پر مجبور ہو جائیں-اس سلسلے میں عرب بڑے فراخ دل ہیں وہ صلاحیتوں کا اعتراف بڑے کھلے دل سے کرتے ہیں-ان کا ذہن ومزاج عصبیت سے پاک ہو تا ہے، ذاتی تجربات کی روشنی میں کئی واقعے بھی بیان کئے، آپ نے فرمایا پٹنہ یونیورسٹی ایک تاریخی مقام رکھتی ہے اور آپ اس کے طالب علم ہیں اس پر آپ کو فخر بھی کر نا چاہیے کہ ایسی یونیورسٹی اور ایسے باصلاحیت اساتذہ کی سرپرستی آپ کو حاصل ہے،اس موقع پر صدر شعبہ عربی ڈاکٹر سرور عالم ندوی نے مہمان کا تعارف کراتے ہوئے فرمایا کہ یہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ آج اس زبان سے وابستہ نہایت اہم شخصیت کو اپنے درمیان موجود پا رہے ہیں جنہیں ملک وبیرون ملک رہنے اور عربوں سے براہ راست استفادہ کا موقع ملا، یہ بھی اس صوبہ بہار کی خاک سے تعلق رکھتے ہیں جنکے دادا جان مولانا ہاشم ندوی دسنہ کے علاقے سے تعلق رکھتے تھے جو بعد میں نظام حیدرآباد کی دعوت پر وہاں منتقل ہوگئے اور پھر وہیں کے ہو کر رہ گئے۔ ڈاکٹر سلیم اختر صدر شعبہ عربی پٹنہ کالج نے فرمایا کہ استاد گرامی پروفیسر راشد نسیم صاحب سے مجھے براہ راست استفادہ کرنے کا موقع ملا-آپ کو جس طرح عربی اسی طرح انگریزی زبان پر بھی مکمل قدرت حاصل ہے، آپ نہ صرف یہ کہ تعلیم کے میدان کے شہسوار ہیں بلکہ تربیت کا بھی ایک انوکھا انداز رکھتے ہیں، اس موقع پر طلباء و اساتذہ اور ریسرچ اسکالرس کی ایک بڑی تعداد موجود تھی، ڈاکٹر سیف اللہ حبیب اللہ سلفی مکی نے چند اہم سوالات بھی کئے جو طلباء کیلئے کافی نفع بخش تھے، آخر میں ڈاکٹر محمد ہاشم رضا نے شکریہ کے ساتھ مجلس کے اختتام کا اعلان کیا۔