فروری میں ویمنز آئی پی ایل کی ہوگی نیلامی ،26 جنوری کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ ہے

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 7th Jan.

ممبئی،7جنوری :اس سال تمام دو طرفہ سیریز اور آئی سی سی ٹورنامنٹس کے علاوہ پہلی بار ویمن آئی پی ایل (ویمن آئی پی ایل 2023) بھی کھیلا جانا ہے۔ نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی اس کے دن بھی آہستہ آہستہ قریب آرہے ہیں۔ بی سی سی آئی کی جانب سے کھلاڑیوں کو بھیجے گئے دستاویزات کے مطابق ویمنز آئی پی ایل کے پہلے سیزن کے لیے ٹیم کا انتخاب کھلاڑیوں کی نیلامی کے ذریعے کیا جائے گا۔خواتین کے اس آئی پی ایل کے حوالے سے بھی کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ حصہ لینے والی فرنچائزز کے بارے میں کچھ بھی واضح نہیں کیا گیا ہے۔کرک بز کی رپورٹ کے مطابق فروری کے مہینے میں خواتین کے آئی پی ایل کے لیے نیلامی ہوگی۔ ہندوستانی کھلاڑیوں کو بھیجے گئے دستاویزات میں، بی سی سی آئی نے کیپڈ اور ان کیپڈ دونوں کرکٹرز سے کہا ہے کہ وہ کھلاڑیوں کی نیلامی کے رجسٹر میں داخل ہونے کے لیے آن لائن اندراج کریں، جس کے لیے آخری تاریخ 26 جنوری شام 5 بجے مقرر کی گئی ہے۔خواتین کے آئی پی ایل کی نیلامی میں کیپ شدہ کھلاڑیوں کی بنیادی قیمت کو تین زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اس میں 50، 40 اور 30لاکھ روپے شامل ہیں۔ دوسری جانب اَن کیپڈ کھلاڑیوں کی بنیادی قیمت 20 اور 10 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔