محمد عامر کی ہو سکتی ہے پاکستانی ٹیم میں واپسی ، پہلی بار واپسی پر خاموشی توڑ ی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 1st Jan.

نئی دہلی،یکم جنوری : پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلی کے بعد پاکستان کرکٹ میں بہت سی نئی چیزیں ہو رہی ہیں۔ پہلے شاہد آفریدی کا سلیکٹر بننا اور پھر سابق کپتان سرفراز احمد کی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ ابھی تو شروعات ہوئی ہے، ایسی تبدیلیاں مستقبل میں بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔
اسی سلسلے میں ایک اور خبر سامنے آرہی ہے کہ پاکستان کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر محمد عامر کی دوبارہ پاکستانی ٹیم میں واپسی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے 2020 میں کرکٹ سے یہ کہتے ہوئے وقفہ لیا تھاکہ کرکٹ انتظامیہ ان کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کر رہی ہے۔
ایک پاکستانی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے ساتھی کھلاڑی وہاب ریاض نے کہا کہ عامر جلد ہی پاکستان اسکواڈ میں واپس آسکتے ہیں۔ ہم محمد عامر کو ایک بار پھر پاکستان کے لیے کھیلتے ہوئے دیکھ سکتے ہیں۔آپ کو بتا دیں کہ رمیز راجہ کے ساتھ ان کے تعلقات اچھے نہیں تھے اور اب جب کہ پی سی بی نے انہیں ریلیز کر دیا ہے، پہلی بار عامر نے اپنی واپسی پر خاموشی توڑ دی ہے۔ عامر نے لاہور میں نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر (این ایچ پی سی) میں نامہ نگاروں کو بتایا، “اگر اللہ نے چاہا تو میں دوبارہ پاکستان کے لیے کھیلوں گا۔ لیکن میں پی ایس ایل میں کھیلنا اور اچھا کرنا چاہتا ہوں۔
اس وقت عامر نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ(بی پی ایل) کے لئے آنے والے سیشن کی تیاری کے لیے این ایچ پی سی میں زیر تربیت ہیں۔ جس پر انہوں نے پی سی بی کے نئے سربراہ نجم سیٹھی کا شکریہ ادا کیا ہے۔
آپ کو بتادیںکہ رمیز راجہ کو انگلینڈ کے خلاف کلین سویپ کرنے کے بعد چیئرمین پی سی بی کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ اس کے بعد پاکستان کرکٹ میں کچھ تیزی سے تبدیلیاں آئی ہیں۔ سرفراز احمد کی واپسی ہوئی ہے اور کئی دیگر کھلاڑیوں کی بھی واپسی کا امکان ہے۔