Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 1st Jan.
تعلیم حاصل کرنے کے لیے ہمیشہ کوشش کرنا چاہئے، اور اس کے لیے درسیات کے علاوہ معلومات عامہ کی جانکاری بہت ضروری ہے۔ اسی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے مدرسہ اصلاح البنات سوبھن ، ضلع دربھنگہ میں پہلا انعامی مقابلہ جنرل نالج کے موضوع پر منعقد ہوا۔جس میں ہر درجہ کی بچیوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیااور بڑی محنت اور لگن کا مظاہرہ کیا۔ اس انعامی مقابلہ میں اول مقام روشنی پروین نے حاصل کیا جو دیگھیارباشندہ روشن علی انصاری کی لخت جگر ہے۔اور مدرسہ ہٰذا کے ہوسٹل میں رہ کر تعلیم حاصل کرتی ہے۔اور دوسری پوزیشن حشمت پروین بنت ڈاکٹر نثار احمد مدھے پور نے حاصل کیا جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی خوش نصیب طالبہ کا نام کائنات نجمی بنت نجم الہدیٰ ہے جو اونسی بچلا ٹولہ،ضلع مدھوبنی کی باشندہ ہے۔ یہ تینوں بچیاں مدرسہ اصلاح البنات میں ہی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ ان تمام بچیوں کو انعامات اور میڈل سے نوازا گیا۔ساتھ ہی ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات اور دعاؤں سے بھی نوازا گیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی حضرت مولانا ڈاکٹر محمد اعجاز احمد سابق چیئر مین بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ، پٹنہ نے سبھوں کو مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس کے ساتھ ہی آپ نے یہ ارادہ ظاہر کیا کہ اس طرح کا پروگرام ان شا ء اللہ مارچ 2023میں منعقد کیا جائے گا، جس میں پورے دربھنگہ ضلع کے اسکولوں اور مدرسوں کی طالبات حصہ لیں گی اوراس کے لیے گراں قدر انعام رکھا جائے گا۔پوزیشن لانے والی طالبات کے علاوہ تمام شرکت کرنے والی بچیوں کو بھی سرٹیفکٹ اور تشجیعی انعام سے نوازا جائے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ کچھ لوگ مدرسوں کو بدنام کرتے ہیں اور الزام لگاتے ہیں کہ وہاں عصری تعلیم نہیں ہو تی ہے۔ لہٰذا اس طرح کے پروگرام منعقد کر کے ہمیں بتانا چاہئے کہ ہم مدارس کے طلبہ و طالبات اسکولی طلبہ وطالبات سے کم نہیں ہیں۔