Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 2nd Jan.
میکسیکو سٹی،2جنوری:میکسیکو کے سرحدی شہر واریز کے جیل پر مسلح حملے کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سٹیٹ پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ واریز جیل پر ہونے والے مسلح حملے کے نتیجے میں 10 اہلکاروں سمیت 4 قیدی ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ حملے میں مزید 13 افراد زخمی ہوئے ہیں۔اسٹیٹ پراسیکیوٹر کے مطابق جیل پر ہونے والے مسلح حملے کے بعد جیل سے 24 قیدی بھی فرار ہو گئے ہیں۔پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ تاحال واضح نہیں کہ حملہ کس نے کیا ہے تاہم ابتدائی تحقیقات کے مطابق صبح 7 بجے گاڑیوں میں سوار حملہ آوروں نے جیل میں داخل ہوتے ہی فائرنگ شروع کر دی تھی۔دوسری جانب جیل پر حملے کے کچھ دیر بعد ہی واریز کی میونسپل پولیس کے اہلکاروں پر بھی حملہ کیا گیا، جس کے بعد پولیس نے حملہ آوروں کا تعاقب کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کر لیا اور ان کی گاڑی کو تحویل میں لے لیا۔واضح رہے کہ گذشتہ برس اگست میں واریز جیل میں قید دو حریف گروہوں کے قیدیوں کے درمیان ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔