Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 4th Jan.
نیویارک،04 جنوری: ایلون مسک کی کمپنی ٹوئٹر پر سان فرانسیسکو کے دفاتر کا کرایہ ادا نہ کرنے پر مالک نے مقدمہ دائر کردیا۔سان فرانسیسکو میں موجود ٹوئٹر کے دفاتر کا 136,250 ڈالرز کرایہ ادا نہ کرنے کی وجہ سے کیلیفورنیا پراپرٹی ٹرسٹ کی جانب سے کمپنی پر مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دسمبر میں سوشل میڈیا کمپنی کو مطلع کیا گیا تھا کہ اگر کمپنی نے 5 دنوں کے اندر اپنا بقایا کرایہ ادا نہیں کیا تو سان فرانسیسکو میں 650 کیلیفورنیا اسٹریٹ پر واقع ہارٹ فورڈ بلڈنگ کی 30ویں منزل کے لیز پر ڈیفالٹ ہو جائے گی۔اس ہفتے حکم کی تعمیل کرنے میں ناکامی پر ٹوئٹر کے خلاف شکایت درج کی گئی۔رپورٹ کے مطابق، جب سے ایلون مسک نیٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالا تب سے ہی کمپنی نے اپنے دفاتر کے کرایوں کی ادائیگی نہیں کی ہے۔یہاں تک کہ ایلون مسک نے کمپنی کے نیویارک کے دفاتر سے صفائی ستھرائی کے عملے کو بھی فارغ کردیا ہے اور اس مہینے کے آغاز پر سان فرانسیسکو ہیڈ کوارٹر میں بھی اس وقت صفائی ستھرائی کے کام کو منسوخ کر دیا ہے جب عملہ اپنے مطالبات پورے کروانے کے لیے ہڑتال پر چلا گیا۔جس کے نتیجے میں ٹوئٹر کے ملازمین کو اپنے لیے ٹوائلیٹ پیپرز کا انتظام بھی خود کرنا پڑا۔اب ایلون مسک کو ٹوئٹر کے سان فرانسیسکو کے دفاتر کا کرایہ نہ ادا کرنے پر شہر میں موجود کمپنی کے دفتر کی 4 منزلوں کو بند کردیا گیا ہے۔