چوراہوں پر بٹن دباتے ہی آپ کے پاس پہنچ جائے گی پولیس اور ایمبولینس

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 6th Jan.

نوئیڈا ،6جنوری:نوئیڈا میں سکیورٹی کو لے کر بڑا قدم اٹھایا گیا ہے۔ یہاں چوراہوں پر ایس او ایس (سیو اوور سول) باکس لگائے جا رہے ہیں۔ ان میں جیسے ہی آپ ہیلپ بٹن دبائیں گے ایک ایمبولینس اور نوئیڈا پولیس آپ تک پہنچ جائے گی۔ اس لیے اب ایمرجنسی نمبر ڈائل کرنے کی پریشانی ختم ہو گئی ہے۔ نوئیڈا اتھارٹی کی سی ای او ریتو مہیشوری نے کہا ہے کہ جلد ہی نوئیڈا کے تمام بڑے مقامات کو ایس او ایس سسٹم سے لیس کر دیا جائے گا۔فی الحال نوئیڈا میں 76 مقامات پر SOS سسٹم نصب کیا گیا ہے۔ جلد ہی دیگر چوراہوں اور مقامات پر ایس او ایس سسٹم نصب کر دیا جائے گا۔ یہ سسٹم حادثے میں زخمی ہونے والوں اور خواتین کی حفاظت کے لیے بیحد کارآمد ثابت ہوگا۔ یہ سسٹم ایسی جگہ لگایا جا رہا ہے، جہاں زیادہ بھیڑ ہے۔باکس پر ایک ہنگامی مدد کا بٹن ہے، جسے ضرورت مند دبا سکتے ہیں۔ یہ کنٹرول روم کو کال کرتا ہے۔ کنٹرول روم سے آپ سے مسئلہ پوچھا جاتا ہے۔ جی پی ایس سسٹم سے لوکیشن ٹریس کر کے پٹرولنگ پولیس کی گاڑی یا ایمبولینس اسی جگہ پہنچ جاتی ہے۔