Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 5th Jan.
نئی دہلی،5جنوری:دارالحکومت دہلی میںگرو تیغ بہادر (جی ٹی بی) اسپتال میں 13 دن پہلے ایک بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔ پیدائش کے ایک گھنٹے کے اندر ہی ایک خاتون ہسپتال سے بچہ چرا کر فرار ہو گئی تھی۔ ہسپتال میں نصب سی سی ٹی وی میں مشتبہ خاتون کا چہرہ قید ہو گیا۔ اس میں خاتون کو بچے کو چراتے ہوئے دیکھا گیا۔ تاہم 13 روز گزرنے کے بعد بھی پولیس بچے کو تلاش نہیں کر سکی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس ٹیم بچے کی تلاش میں مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ جی ٹی بی انکلیو پولیس کے علاوہ خصوصی عملہ سمیت متعدد ٹیمیں بچے اور مشتبہ خاتون کی تلاش میں ہیں۔ بچے کے چچا وکاس کا کہنا ہے کہ وہ ہر روز اس امید کے ساتھ تھانے جاتا ہے کہ شاید آج اسے اپنے بھتیجے کے بارے میں کچھ معلومات مل جائیں۔ لیکن ہر روز مایوس لوٹنا پڑتا ہے۔اب گھر والوں کا اعتماد ٹوٹنے لگا ہے۔ بچے کی ماں پوجا اتنی پریشان ہو جاتی ہے کہ وہ رات کو اچانک جاگ جاتی ہے اور بچے کی تلاش شروع کر دیتی ہے۔ وہ رات بھر روتی رہتی ہے۔ لواحقین کا الزام ہے کہ وہ جب بھی تھانے جاتے ہیں تو انہیں صرف اتنا بتایا جاتا ہے کہ پولیس بچے کی تلاش میں مصروف ہے۔