Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 7th Jan.
نئی دہلی،7جنوری :بی سی سی آئی نے آل انڈیا سینئر مینز سلیکشن کمیٹی کی تقرری کا اعلان کیا ہے۔ اس میں ایک بار پھر چیتن شرما کو سلیکشن کمیٹی کا سربراہ بنایا گیا ہے۔ چند روز قبل ان کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی کو برطرف کر دیا گیا تھا۔ تاہم ایک بار پھر ان کی سربراہی میں یہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔سلیکشنا نائک، اشوک ملہوترا اور جتن پرانجپے پر مشتمل کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی (سی اے سی) نے آل انڈیا سینئر سلیکشن کمیٹی کے ارکان کے انتخاب کے لیے وسیع عمل شروع کیا۔ بی سی سی آئی کو سلیکشن کمیٹی میں پانچ عہدوں کے لیے کل 600 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ ان آسامیوں کے لیے بورڈ نے 18 نومبر 2022 کو اشتہار دیا تھا۔ کافی غور و خوض کے بعد سی اے سی نے انٹرویو کے لیے 11 افراد کو شارٹ لسٹ کیا۔انٹرویو کی بنیاد پر کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی نے ان امیدواروں کی سینئر مینز نیشنل سلیکشن کمیٹی کے لیے سفارش کی۔ اس میں چیتن شرما، شیو سندر داس، سبروتو بنرجی، سلیل انکولہ اور سری دھرن سرت کو منتخب کیا گیا تھا۔ اس میں چیتن شرما کو کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا تھا۔2022 میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کی خراب کارکردگی کے بعد چیتن شرما کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی کو برطرف کردیا گیا تھا۔ یہ فیصلہ اس وقت ٹیم کی خراب کارکردگی کو دیکھ کر کیا گیاتھا، لیکن ایک بار پھر چیتن شرما کی سربراہی میں سینئر سلیکشن کمیٹی تشکیل دی گئی ، جو کہ حیران کن ہے۔ کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی نے انٹرویوز کے ذریعے یہ کمیٹی بنائی، اس میں کل 11 افراد میں سے پانچ کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔