چین میں یواے ای کے سفارت خانہ کا کووِڈ-19 کی سفری پالیسیوں میں تبدیلی کا اعلان

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 9th Jan.

بیجنگ ،9جنوری:بیجنگ میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے نے کہا ہے کہ چین سے امارات جانے والے شہریوں اور مسافروں کوروانگی سے 48 گھنٹے قبل کیے گئے کووِڈ-19 کے پی سی آرٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔اتوارتک،ملک میں’’داخلے پرتمام اہلکاروں‘‘کے لیے قرنطینہ کے طریق کارکوختم کردیا گیا تھا۔متحدہ عرب امارات کواب توقع ہے کہ چین سے آنے والے مسافر چینی کسٹم بندرگاہ پرفراہم کردہ فارم کو پرکرکے آمد پراپنی صحت کا اعلان پیش کریں گے۔حالیہ ہفتوں میں کئی ممالک نے چین سے روانہ ہونے والے مسافروں پرکروناوائرس کے تعلق سے پابندیاں عایدکی ہیں۔یورپی یونین میں فرانس، اٹلی اوراسپین نے سب سے پہلے چین میں بڑھتے ہوئے یومیہ کیسوں کے پیش نظراس طرح کے اقدامات کیے۔ آسٹریلیا،کینیڈا، بھارت، اسرائیل، ملائشیا، مراکش، قطر، جنوبی کوریا، تائیوان اورامریکا سمیت دیگر ممالک نے بھی چین سے آنے والے مسافروں کے لییاضافی اقدامات متعارف کرائے ہیں۔گذشتہ منگل کویورپی یونین نے کووِڈ-19 کی بدلتی ہوئی صورت حال کے لییایک مربوط حکمتِ عملی پراتفاق کیا تھا،اگرچہ اس کی مخصوص تفصیل کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیاہے۔ان اقدامات میں ٹیسٹنگ اور ویکسی نیشن کی ضروریات ،کروناوائرس کی نئی اقسام کی نگرانی،اورہوائی مسافروں کے لیے صحت اور حفظانِ صحت کے اقدامات شامل ہوسکتے ہیں۔چین نے حال ہی میں اپنے سخت اینٹی وائرس کنٹرول کوختم کردیا ہے، جس کے نتیجے میں اس کی ایک ارب چالیس کروڑآبادی میں کووِڈ-19 کے کیسوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ان میں سے بہت سے لوگوں میں وائرس کے خلاف قدرتی قوتِ مدافعت بہت کم ہے۔بعض اطلاعات کے مطابق جنازہ گاہوں میں مردے ٹھکانے لگانے کے لیے خدمات کی طلب میں اضافہ ہواہے اورعالمی ماہرینِ صحت نے رواں سال چین میں کم سیکم دس لاکھ اموات کی پیشین گوئی کی ہے۔اگرچہ چین میں کووِڈ-19 سے ہونے والی اموات کی سرکاری تعداد کم بتائی جاتی ہے،3 جنوری تک 5،258 اموات کی اطلاع دی گئی ہے لیکن وسیع پیمانے پریہ خیال کیا جاتا ہے کہ چین میں کرونا وائرس سے اموات کی اصل تعداداس سے کہیں زیادہ ہے۔صحت سے متعلق اعدادوشمارفراہم کرنے والی فرم ایئرفینیٹی کا اندازہ ہے کہ چین میں ہرروزقریباً 9،000 افراد کووِڈ-19 سے مررہے ہیں۔