ڈائرکٹر جنرل پولیس کا اعلیٰ سطحی اجلاس

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 18th Jan.

حیدرآباد18, جنوری : جی۔20 ورکنگ گروپس کے اجلاس 28جنوری تا 17 جون حیدرآباد میں منعقد ہوں گے۔ اس موقع پر سیکوریٹی کے موثر انتظامات کے سلسلہ میں جی۔20 سیکوریٹی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ورکنگ گروپ کے اجلاسوں کے کامیاب انعقاد کیلئے بہتر تال میل سے کام کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار نے اجلاس کی صدارت کی جس میں ریاست کے سینئر پولیس عہدیداروں کے علاوہ ایر پورٹ اتھاریٹی، ریجنل پاسپورٹ آفس، این ڈی آر ایف، سی آئی ایس ایف، نیشنل سیکوریٹی گارڈ، ایس آر ڈی ایف اور سیکوریٹی سے متعلق دیگر اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ انجنی کمار نے کہا کہ جی۔20 گروپ میں 29 اہم ممالک شامل ہیں جو دنیا کی دو تہائی آبادی کا احاطہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی۔20 دنیا کی جی ڈی پی میں 85 فیصد حصہ داری رکھتا ہے اور عالمی تجارت میں اس کا حصہ 75 فیصد ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں جی۔20 گروپ کا اجلاس ستمبر میں منعقد ہوگا۔ اس سے قبل 215 ورکنگ گروپ کے اجلاس ملک کے 56 مختلف شہروں میں منعقد ہوں گے ان میں سے 6 اجلاس حیدرآباد میں ہوں گے۔ ورکنگ گروپ کا پہلا اجلاس 28 جنوری کو حیدرآباد میں مقرر ہے جبکہ آئندہ اجلاس 6 اور 7 مارچ، 26 تا28 اپریل، 7 تا 9 جون اور 15 تا 17جون منعقد ہوں گے۔ مختلف وزارتوں کے تحت یہ اجلاس منعقد کئے جارہے ہیں۔ اجلاسوں میں وزراء ، سکریٹریز، جائنٹ سکریٹری سطح کے عہدیدار اور مختلف رضاکارانہ تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ انجنی کمار نے کہا کہ کسی بھی سیکوریٹی مسئلہ کے بغیر ورکنگ گروپس کے اجلاسوں کے انعقاد کیلئے سیکوریٹی ایجنسیوں اور سرکاری محکمہ جات کے درمیان بہتر تال میل کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاسوں میں شرکت کرنے والے مندوبین شہر کے اہم سیاحتی مراکز کا دورہ کریں گے لہذا سیاحتی مراکز پر سیکوریٹی کے مناسب انتظامات کئے جائیں۔ بہتر تال میل کیلئے انٹرنل واٹس ایپ گروپ تشکیل دیئے جائیں گے تاکہ اطلاعات کا بروقت تبادلہ عمل میں آئے۔ اجلاسوں میں شرکت کرنے والے مندوبین کو سیکوریٹی انتظامات سے آگاہ کیا جائے گا۔ پولیس کمشنر حیدرآباد اور سائبرآباد کو ایر پورٹ، ہوٹلس اور میٹنگ کے مقامات پر مناسب سیکوریٹی کی ہدایت دی گئی ہے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس نے خصوصی کنٹرول رومس کے قیام کی تجویز پیش کی۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل ابھیلاش بشٹ، سنجے کمار جین، سواتی لکرا، وجئے کمار، ناگی ریڈی، سائبرآباد پولیس کمشنراسٹیفن رویندرا ،وکرم سنگھ مان ایڈیشنل کمشنر پولیس، تفسیر اقبال ڈی آئی جی سیکوریٹی ونگ، اویناش موہنتی جوائنٹ کمشنر پولیس سائبرآباد، جی سدھیر بابو ایڈیشنل کمشنر ٹریفک، ایس ٹی سمبلدیو، بھرت کمار، اندوبھوشن لینکا ڈپٹی پاسپورٹ آفیسر اور دوسروں نے شرکت کی۔