Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 4th Jan.
سری نگر،04 جنوری:جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ (رکن پارلیمان) نے آج غازی آباد میں بھارت جوڑو یاترا میں شرکت کی اور اس دوران سابق کانگریس صدر شری راہل گاندھی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے ہمراہ چلے۔ انہوں نے راہل گاندھی کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں بھارت جوڑو یاترا کی کامیابی پر مبارکباد بھی پیش کی اور اُمید ظاہر کی کہ جس مقصد کی خاطر یہ یاترا شروع کی گئی ہے، ملک کے لوگ اس مقصد کو سمجھیں گے اور موجودہ دور میں پھیلائی جارہی نفرتوں اور لوگوں کو بانٹنے کی کوششوں کو ناکام بنا دیں گے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح سے ملک میں نفرتیں پھیلائی جارہی ہیں اور لوگوں کو مذہب، زبان اور علاقائی بنیادوں پر بانٹا جارہاہے وہ ملک کی سالمیت کیلئے کسی بھی صورت میں سودمند نہیں اور اسی صورتحال میں بھارت جوڑو یاترا جیسے اقدام کی اشد ضرورت تھی۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ میں اُمید کرتا ہوں کہ یہ یاترا ملک کے عوام کو ایک بار پھر جوڑنے کا کام کریگی اور ماضی کی طرح یہاں ہند، مسلم، سکھ اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ آپسی ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے سائے تلے اپنی زندگی خوشحالی اور فارغ البالی میں گزاریں گے۔