Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 21st Jan.
نئی دہلی،21جنوری:کانگریس رہنما اور دہلی ہائی کمیٹی کے سابق چیئر مین انیس درانی کا آج انتقال ہوگیا۔ وہ کانگریس کے اقلیتی شعبہ کے سکریٹری بھی رہ چکے ہیں اورمعروف کالم نگار بھی تھے جو اخباروں میں مختلف موضوع پر اپنا تبصرہ لکھتے تھے۔ انیس درانی کو کچھ دن پہلے نوئیڈا کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایاگیا تھا جہاںپر ان کا انتقال ہوگیا۔ وہ75سال کے تھے پسماندگان میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں ۔جمعہ کی شام میں ان کی حالت نازک ہوگئی اور انہیں وینٹی لیٹر پر رکھاگیا لیکن آج سویرے وہ اپنے مالک حقیقی سے جاملے۔ وہ کانگریس رہنمام افضل کے برادر نسبتی بھی تھے۔ ان کا انتقال سیاست اور صحافت کیلئے بڑا نقصان ہے ۔انیس درانی اخبار نو کے ساتھ بھی وابستہ رہے۔ انہوں نے دہلی سکریٹریٹ ہائی کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے بہت اچھے فرائض انجام دیئے اوران کی خدمات کو سراہا گیا۔ ان کی موت پر کانگریس کے عمران قدوائی، مرزا جاوید اور دوسرے سماجی اور سیاسی شخصیات نے اظہار افسوس کیا۔ اسپتال سے ان کی میت کو پٹودی ہائوس لایا گیا۔ اور بعد میں انہیں دہلی کے قبرستان میں نماز مغرب کے بعد دفن کیا جائے گا۔