Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 8th Jan.
اسلام آباد، 08 جنوری :پاکستان نے کراچی کی جیل میں قید سینکٹروں کی تعداد میں افغان مہاجرین کو رہا کر دیا ہے جس میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔ گزشتہ ماہ کراچی کی پولیس نے متعدد چھاپوں کے دوران کم از کم 12 سو افغان شہریوں کو حراست میں لیا تھا جو درست سفری دستاویزات کے بغیر ملک میں داخل ہوئے تھے۔دارالحکومت اسلام آباد میں افغانستان کے سفارتخانے نے بتایا کہ 524 افغان شہریوں کو رہا کیا گیا ہے جن میں 54 خواتین اور 97 بچے شامل ہیں۔سفارتخانے کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیل کے مرکزی گیٹ کے پیچھے بچے اور خواتین رہا ہونے کے انتظار میں کھڑے ہیں۔جبکہ ایک اور ویڈیو میں افغان مردوں کو ایک بس میں بیٹھا کر واپس افغانستان بھجوایا جا رہا ہے۔اقوام متحدہ کی جانب سے کیے جانے والے ایک حالیہ سروے کے مطابق 13 لاکھ رجسٹرڈ افغان مہاجرین پاکستان میں رہائش پذیر ہیں۔نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان داخل ہونے کی کوشش کرنے والے افغان شہریوں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ میں اس اضافے کی مختلف وجوہات بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ افغانستان میں ظلم و ستم سے بچنے، طبی علاج اور روزگار کی تلاش میں زیادہ سے زیادہ افغان پاکستان آنے کی کوشش میں ہیں۔