کرکٹر نوین الحق کے بعد راشد خان بھی چھوڑ سکتے ہیں بی بی ایل

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 13th Jan.

کابل ،13جنوری :آسٹرلیا نے افغانستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد افغانی کھلاڑیوں میں ناراضگی اور مایوسی واضح طور پر نظر آ رہی ہے اس سلسلے میں افغانی کرکٹر اقدامات بھی کر رہے ہیں۔ افغان کرکٹر نوین الحق نے بی بی ایل سے علیحدگی کا اعلان پہلے ہی کر دیا ہے اب اسٹار کرکٹر راشد خان نے بھی بی بی ایل سے دستبردار ہونے کا اشارہ کر دیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق افغانستان کے کرکٹر راشد خان نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹی ٹوئنٹی لیگ بِگ بیش (بی بی ایل) سے نکلنے کے بارے میں سوچ رہا ہوں۔سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس حوالے سے راشد خان نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنے ملک کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے اور ہم نے عالمی سطح پر بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔راشد خان نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا کے فیصلے نے ہمیں پیچھے دھکیل دیا ہے، کرکٹ کو سیاست سے دور رکھنا چاہیے۔افغان کرکٹر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اگر افغاستان کے خلاف کھیلنا آسٹریلیا کو بے سکون کر رہا ہے تو میں بی بی ایل میں اپنی موجودگی سے کسی کو بے سکون نہیں کرنا چاہتا۔
راشد خا ن نے لکھا کہ بی بی ایل میں اپنے مستقبل کے حوالے سے سنجیدگی سے سوچ رہا ہوں۔اس سے قبل کرکٹ آسٹریلیا کے فیصلے کے خلاف افغان کرکٹر نوین الحق بگ بیش لیگ (بی بی ایل) سے علیحدہ ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت کی جانب سے خواتین اور لڑکیوں پر پابندیوں کی بنا پر آسٹریلیا نے مارچ میں افغانستان کے خلاف مینز ون ڈے سیریز کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔
افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 میچوں کی یہ سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانی تھی۔